• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کراچی : فکس اِٹ مہم کے سربراہ عالمگیر پرمقدمہ

شائع February 25, 2016
عالمگیر خان ٹرالی میں کچرا جمع کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے تھے — فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج
عالمگیر خان ٹرالی میں کچرا جمع کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے تھے — فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج
عالمگیر نے ٹریکٹر ڈرائیور کو چھڑانے کی کوشش کی — فوٹو : ڈان نیوز
عالمگیر نے ٹریکٹر ڈرائیور کو چھڑانے کی کوشش کی — فوٹو : ڈان نیوز
عالمگیر خان کی مہم کو میڈیا میں بھر پور پذیرائی ملی ہے — فوٹو : بشکریہ فیس بک پیج
عالمگیر خان کی مہم کو میڈیا میں بھر پور پذیرائی ملی ہے — فوٹو : بشکریہ فیس بک پیج

کراچی: شہرِ قائد میں گٹر کے ڈھکن لگانے اور کچرا صاف کرنے کے حوالے سے فکس اِٹ مہم (Fix it Campaign) چلانے والے سماجی کارکن اور تحریک انصاف کے رکن عالمگیر خان کو حراست میں لے گندگی پھیلانے کا مقدمہ درج کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ ٰ کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر شہر سے جمع شدہ کچرا ڈالنے پر پولیس نے عالمگیر خان کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر سے حراست میں لیا۔

عالمگیر خان اپنے ٹریکٹر اور ٹرالی کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے تھے، جب وہ ڈرائیور کے ذریعے ٹرالی سے کچرا اتارنے لگے تو پولیس نے ڈرائیور کو ٹریکٹر سے زبردستی اتارا اور اس پر تشدد کیا، اس موقع پر عالمگیر خان نے ڈرائیور کو بچانے کی کوشش کی تو پولیس نے ان کو بھی حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ مارکیٹنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے عالمگیر خان نے 2 ماہ قبل کراچی میں ایک مہم شروع کی تھی جس میں انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بغیر ڈھکن والے گٹروں کا تعین کرکے ان کے قریب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا خاکہ بنایا اور ساتھ میں لکھا ’فکس اٹ‘ (اسے ٹھیک کرو)۔

میڈیا سے گفتگو میں عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ وہ ایک کچرے کا ڈبہ لے کر وزیراعلی ہاؤس کے باہر آئے ہیں، اس ڈبے کو وہاں رکھا جائے گا تاکہ شہر بھر کے لوگ اس میں کچرا ڈالیں اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو بھی معلوم ہو کہ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر سے کتنی بدبو آتی ہے اور کس طرح اس سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔

مزید پڑھیں : 'گٹر ڈھکن مہم' چلانے پر ہراساں کیا جانے لگا

پولیس نے عالمگیر خان کو حراست میں لینے کے بعد تھانہ سول لائنز منتقل کیا جہاں ان کے خلاف گندگی پھیلانے ، عوام کو پریشان کرنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

عالمگیر خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق عہدیدار ہیں، ساتھ ہی ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی فکس اٹ مہم کے پیچھے کسی قم کے سیاسی عزائم نہیں ہیں۔

فوٹو: بشکریہ عمران اسماعیل رہنما پی ٹی آئی
فوٹو: بشکریہ عمران اسماعیل رہنما پی ٹی آئی

اس مہم کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں گٹر کے ڈھکن لگائے بھی گئے جبکہ جن علاقوں میں گٹر کے ڈھکن نہیں لگائے گئے یا صفائی نہیں کی گئی، وہاں اس مہم کے رضا کار خود ہی ڈھکن لگانے لگے یا صفائی شروع کروا دیتے۔

یہ بھی پڑھیں : فکس اِٹ مہم صرف دکھاوا ہے؟

گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں ایک شہری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ فکس اٹ مہم چلانے والے رضا کار گٹر پر لگائے گئے ڈھکن دوبارہ ہٹا رہے ہیں، تاہم بعد میں عالمگیر خان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈھکن ایک ٹی وی شو کی وجہ سے اس مقام پر رکھے گئے تھے اور کسی گٹر سے ڈھکن نہیں ہٹایا گیا۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر بلدیات کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ شہر قائد میں بغیر ڈھکن والے گٹروں کے خلاف چلنے والی مہم کے پیچھے سیاسی عزائم ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

fiz Feb 25, 2016 02:49pm
hahaha ye PPP wale bary shaatir log hain ... in logo ne is admi ko kahi na kahi to phasana h na
Bilal iqbal Feb 26, 2016 12:15pm
Ignore this incident let's join and clean the city

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024