خضدار دھماکے میں 7 ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں بارودی مواد کے دھماکے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔
دھماکا بدھ کو خضدار کے علاقے نال کے ایک گھر میں موجود دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہوا۔
لیویز ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گھر کے مالک نے کان کنی کے لیے گھر میں دھماکا خیز مواد رکھا ہوا تھا تاہم ایک بچے نے غلطی سے اس میں آگ لگا دی جس کی وجہ سے دھماکا ہوگیا۔
دھماکے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال خضدار منتقل کردیا گیا، جہاں تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
نگراں ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن (ر) عبد الصمد نے ایک اعلامیے میں کہا کہ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔
لیویز کے مطابق دھماکے کی شدت سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
سینیئر سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔