اسلام آباد پی ایس ایل کا پہلا چمپیئن بن گیا
دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈیون اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کی شاندار بلے بازی کے بدولت پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ٹائٹل کے حصول کے فیصلہ کن معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر لیگ کے پہلے چمپیئن کا تاج پہن لیا.
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بسم اللہ خان اور احمد شہزاد نے ایک دفعہ پھر اننگز کا آغاز کیا لیکن بسم اللہ خان گزشتہ میچ کی طرح فائنل میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے اس دفعہ وہ محمد عرفان کا شکار بنے.
کیون پیٹرسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد کےساتھ مل کر اسکور کو 33 رنز تک پہنچایا اور 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف علی نے ان کا ایک شانداد کیچ لیا.
احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا اور کوئٹہ کو 120 رنز کی مستحکم پوزیشن پر لاکھڑا کیا، اس دوران احمد شہزاد کو ایک موقع بھی ملا جب عمران خالد نے ان کا کیچ گرادیا جبکہ سنگاکارا 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے برق رفتار 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
محمد نواز کو بیٹنگ نمبر پر ترقی دیتے ہوئے جلدی بھیجا گیا تاہم وہ سیموئیل بدری کو 16 ویں اوور میں ایک چھکا رسید کرنے کے بعد اگلی گیند پر بولڈ ہوگئے تو کوئٹہ کا اسکور 135 رنز تھا.
احمد شہزاد نے ٹائٹل کے حصول کے لیے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد محمد سمیع کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز 9 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی.
کپتان سرفراز احمد صرف 3 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹے، اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکور 153 رنز تھاجس کے بعد گرانٹ ایلیٹ اور انورعلی نے کریز سنبھالی مگر انورعلی 19 ویں اوور میں محمد سمیع کے سامنے بے بس نظر آئے تاہم آخری اورر کی ابتدائی گیندوں پر آندرے رسل کو بلند وبالا چھکا مارا، اگلی گیند پر دو رن لیے جبکہ چوتھی گیند پر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری کے قریب خالد لطیف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے.
انورعلی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 10 گیندوں کا سامنا کیا.
گرانٹ ایلیٹ نے آخری گیند پر آندرے رسل کو چھکا رسید کرکے اننگز کو مکمل کیا، وہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ناتھن مک کولم کوئی رن بنائے بغیر کھڑے رہے.
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 174 رنز بنائے.
اسلام آباد کی جانب سے آندرے رسل نے 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں.
پاکستان کی تاریخ کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے چمپیئن بننے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شرجیل خان اور ڈیون اسمتھ نے پراعتماد آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں 15 رنز حاصل کرکے کوئٹہ پر برتری لینا شروع کردی اور اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 54 رنز کی شراکت قائم کی جس میں شرجیل کا حصہ 13 رنز کا تھا.
شرجیل خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، وہ 13 رنز بنا کر ناتھن مک کولم کا شکار بنے.
ڈیون اسمتھ نے پلے آف مرحلے میں پشاور زلمی کے خلاف سست بیٹنگ کا ازالہ فائنل میں جارحانہ بلے بازی سے کیا اور بریڈ ہیڈن کے ساتھ دوسری وکٹ میں اسلام آباد کو فتح کے قریب لے آئے، دونوں بلے بازوں نے اس کامیاب شراکت داری میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں. دونوں کے درمیان 85 رنز کی شراکت بنی.
ڈیون اسمتھ 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر 139 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد ٹائٹل کے حصول سے 26 رنز دور تھا.
آندرے رسل 3 گیندوں کے مہمان بنے اور ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز بناسکے. خالد لطیف آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
بریڈ ہیڈن نے نئے آنے والے بلے باز مصباح الحق کے ساتھ مل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان کی تاریخ کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی چمپیئن ٹیم بنا دیا تاہم فاتحانہ رن کپتان مصباح الحق نے لیا.
بریڈ ہیڈن 61 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مصباح الحق ایک رن بنا کر چمپیئن کپتان بن کر لوٹے.
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انورعلی، مک کولم، اعزاز چیمہ اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی.
ڈیون اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور آندرے رسل کو میچ کا بہترین باؤلر قرار دیا گیا.
کراچی کنگز کے روی بوپارا کو لیگ کا سب سے قیمتی کھلاڑی قرار دیا گیا ان کی غیر موجودگی میں کیون پیٹرسن نے ان کا ایوارڈ وصول کیا.
لاہور قلندرز کے بلے باز عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ کا بہترین فیلڈر اور سب سے زیادہ رنز بنا نے پر لیگ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا.
اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل کو بہترین باؤلر کا ایوارڈ دیا گیا.
لاہور قلندرز کو اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ دیا گیا.
چیئرمین پی سی بی شہر یار خان اور چنیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے اسلام آبا یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کو لیگ کی ٹرافی تھما دی.
قبل ازیں فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں سے مہمان خصوصی اور پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے مصافحہ کیا.
پاکستان کی تاریخ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیگ کی مضبوط ٹیم تصور کی جانے والی پشاورزلمی اور کراچی کنگز کو پلے آف مرحلے میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے ہی پلے آف میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز پایا تھا۔
فائنل کے لیے ٹاس سے قبل اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا.
اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل کے لیے اپنی گزشتہ ٹیم کو برقرار رکھا۔
دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں.
اسلام آباد یونائیٹڈ
مصباح الحق (کپتان)، شرجیل خان، ڈیون اسمتھ، بریڈ ہیڈن، خالد لطیف، آندرے رسل، آصف علی، عمران خالد، سیموئیل بدری، محمد عرفان، محمد سمیع
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
سرفرازاحمد (کپتان)، احمد شہزاد، بسم اللہ خان، کیون پیٹرسن، کمارسنگاکارا، گرانٹ ایلیٹ، محمد نواز، ناتھن مک کولم،انور علی، ذوالفقار بابر، اعزاز چیمہ
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (2) بند ہیں