• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

پی ایس ایل کا فیصلہ کن معرکہ، کوئٹہ، اسلام آباد مدمقابل

شائع February 23, 2016

پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے فائنل معرکے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں جو آج دبئی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان فائنل مقابلے کے ساتھ ہی یہ سنسنی خیز لیگ اپنے اختتام کو پہنچے گی۔

جب ایونٹ شروع ہوا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کھیلنے والی یہ دونوں ٹیمیں فائنل مقابلے میں بھی ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔

ٹورنامنٹ میں کمزور تصور کی جانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار انداز میں ایونٹ کا آغاز کرتے ہوئے اسلام آباد کو زیر کیا جس کے بعد تمام حریفوں کو ناکوں چنے چبوا دیے اور چند ہی میچوں کے بعد ایونٹ کے لیے فیورٹ تصور کی جانے لگی۔

معین خان خصوصاً ویسٹ انڈین عظیم سابق بلے باز ویوین رچرڈز کی زیر سرپرستی اس ٹیم نے بحیثیت یونٹ شاندار کھیل پیش کیا اور پھر ٹورنامنٹ کی فیورٹ پشاور زلمی کو لیگ کے سب سے سنسنی خیز میچ میں ایک رن سے زیر کر کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا اور ٹیم کی کارکردگی کافی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی اور پھر شین واٹسن جیسے اہم کھلاڑی کا انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہونا یونائیٹڈ کیلئے کسی دھچکے سے کم نہ تھا۔

تاہم مصباح الحق کی زیر قیادت اس ٹیم نے خواب غفلت سے جاگتے ہوئے شاندار انداز میں کم بیک کیا اور پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی لیکن اس کے باوجود کراچی اور پھر خصوصاً پشاور کیخلاف ان کی کامیابی پر سب ہی کو شکوک و شبہات تھے۔

تاہم وسیم اکرم اور ڈین جونز کے زیر سایہ اس ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھاتے ہوئے محمد سمیع کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پہلے کراچی کو زیر کیا اور پھر اہم ترین دوسرے پلے آف میں شرجیل خان کی ایونٹ کی تاریخ میں بنائی گئی پہلی سنچری کے بل بوتے پر پشاور زلمی جیسے سخت جان حریف کو باآسانی زیر کر کے فائنل میں جگہ بنا کر سب کو حیران کر دیا۔

دونوں ٹیموں کا موازانہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اسلام آباد یونائیٹد پر برتری حاصل ہے جہاں اب تک اس ٹیم کے کم و بیش تمام ہی کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کیا۔

احمد شہزاد اور لیوک رائٹ نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کیا تو موقع ملنے پر بسم اللہ خان نے بھی اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا۔ کیون پیٹرسن اپنے تجربے کو مسلسل بروئے کار لاتے نظر آئے تو سرفراز احمد بھی قیادت کے فرض ادا کرنے سے پیچھے نہ ہٹے۔ تاہم حریف ٹیموں کیلئے محمد نواز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھے جو اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت راتوں رات نئے ابھرتے ہوئے ستارے بن گئے جبکہ ذوالفقار بابر نے بھی ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔

صرف یہی نہیں بلکہ نیوزی لینڈ سے آئے گرانٹ ایلیٹ نے اس ٹیم کو مزید خطرناک شکل دیتے ہوئے اپنی آل راؤنڈر کارکردگی سے ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کرایا اور پھر ضرورت پڑنے پر محمد نبی اور کمار سنگاکارا بھی اپنا کردار بخوبی ادا کرتے نظر آئے۔

کوئٹہ کے لیے واحد پریشان کن پہلو فاسٹ باؤلنگ ہے جہاں انور علی اور عمر گل دونوں اب تک کسی قسم کی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تاہم اعزاز چیمہ نے قدرے بہتر باؤلنگ کر کے ٹیم انتظامیہ کی اس پریشانی کو کسی حد تک کم ضرور کیا۔

دوسری جانب مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ ابتدا میں انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر فتوحات سے ہمکنار ہوتی رہی تاہم پھر یکدم اس ٹیم نے اجتماعی کھیل کی بدولت حریف ٹیموں کو حیران کردیا۔

شرجیل خان، شین واٹسن، خالد لطیف، محمد سمیع، مصباح الحق، محمد عرفان اور آندرے رسل نے مختلف مواقعوں پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ناصرف ناقدین کے منہ بند کیے بلکہ اپنی ٹیم کو لیگ کی تاریخ کا پہلا فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی دلایا۔

فائنل میچ کے لیے کوئٹہ کی ٹیم کا انحصار احمد شہزاد، کیون پیٹرسن، محمد نواز اور گرانٹ ایلیٹ پر ہو گا جو ٹیم کو متعدد فتوحات دلا چکے ہیں جبکہ اسلام آباد کی ٹیم کو ان فارم اور ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بنانے والے شرجیل خان، محمد سمیع اور آندرے رسل سے بڑے توقعات ہوں گے۔

پی ایس ایل کا فائنل نئی تیار کردہ پچ پر کھیلا جائے گا اس لیے پچ کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم دبئی کی روایتی وکٹ کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ اور اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ کی توقع ہے۔

حکام نے دو دن قبل ہی دعویٰ کیا تھا کہ فائنل کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں اور اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے دبئی میں ہاؤس فل کی امید ہے۔

پی ایس ایل کی 'شوٹنگ اسٹار' ٹرافی کے فاتح کا فیصلہ اب کچھ دیر میں ہونے کو ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کے پہلے فاتح کا فیصلہ بھی ہو جائے گا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024