• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm

شرجیل کی سنچری، اسلام آباد نے فائنل کے لیے جنگ جیت لی

شائع February 21, 2016 اپ ڈیٹ February 22, 2016
اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے—فوٹو بشکریہ پی سی بی
اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے—فوٹو بشکریہ پی سی بی

دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے شرجیل خان کی سنچری کے بدولت تیسرے اور آخری پلے آف میں پشاور زلمی کو 50 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا.

دبئی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے اہم میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شرجیل خان اور ڈیون اسمتھ نے اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان نے چوکوں اور چھکوں سے اسکور کو برق رفتاری سے آگے بڑھایا لیکن دوسری طرف سے اسمتھ سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے رہے. دونوں اوپنروں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنائے.

ڈیون اسمتھ نے 37 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 19 رنز بنا سکے. شان ٹیٹ نے اگلی گیند میں بریڈ ہیڈن کو صفر پر آؤٹ کرکے پشاور کو ایک اور کامیابی دلادی لیکن شرجیل خان نے خالد لطیف کے ساتھ مل کر اپنی دھواں دھار بلے بازی کو جاری رکھا اور پی ایس ایل میں پہلی انفرادی سنچری مکمل کی.

شرجیل خان اور خالد لطیف نے تیسری وکٹ میں 63 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 171 تک پہنچا دیا اور آخری اوور میں شرجیل خان رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے اور یوں ان کی شاندار اننگز اختتام کو پہنچی.

شرجیل خان نے 62 گیندوں کا سامنا کیا اور 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی سمیت دیگر کھلاڑیوں نے آگے بڑھ کر انھیں داد دیتے ہوئے رخصت کیا.

خالد لطیف 28 رنز بنا کر وکٹ پر کھڑے رہے جبکہ آندرے رسل کو کھیلنے کا موقع نہیں ملا اور وہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے.

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے.

پشاور کی جانب سے شان ٹیٹ نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیوڈ مالان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ ڈیوڈ مالان کی صورت میں گری جب وہ 7 رنز بنا کر 24 کے اسکور پر سیموئیل بدری کی گیند پر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے.

کامران اکمل نے کچھ مزاحمت کی اور محمد حفیط کے ساتھ مل کر اسکور کو 59 تک پہنچایا مگر 66 کے اسکور پر خود بھی آؤٹ ہوگئے.

محمد حفیظ نے 8 رنز بنائے جبکہ کامران اکمل نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور ہیڈن کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوکر پویلین کی راہ لی.

بریڈ ہوج ایک دفعہ پھر پشاور کے لیے اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر صرف 5 رنز بنا کر عمران خالد کا شکار بنے، اس وقت پشاور زلمی کا اسکور 80 رنز تھا. ہوج کے آؤٹ ہوتے ہی زلمی کے بلے باز شدید دباؤ میں آگئے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے، سیمی 9، شاہد یوسف 4 اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر مشکل وقت میں کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے.

حسن علی 105 کے اسکور پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے.

شاہد آفریدی 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد اصغر نے پشاور زلمی کو ہار کے لیے زیادہ وقت نہیں دیا اور اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو فائنل میں پہنچادیا.

اسلام آباد کی جانب سے عمران خالد نے 4 اور آندرے رسل نے 3 وکٹیں حاصل کیں.

شرجیل خان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

شرجیل کو انعام ملے گا: شاہد آفریدی

شاہد آفریدی نے شرجیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن شرجیل کا تھا انھوں نے اچھی اننگز کھیلی اور بڑا اسکور ترتیب دیا اور انھیں اس کا انعام ضرور ملے گا.

انھوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلا اور ہماری توقعات سے بڑھ کر نتائج ملے اور لوگوں کی بھرپور مدد ہمارے ساتھ رہی.

قبل ازیں پشاورزلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی جونی بیئراسٹو کی جگہ ڈیوڈ مالان کو اہم میچ میں شامل کیا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی اور فائنل میں پہنچنے کے لیے انھیں تیسرا پلے آف جیتنا ضروری تھا دوسری جانب پشاورزلمی کو پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جانب سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انھیں فائنل میں جانے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا تھا۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی

شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، ڈیوڈ مالان، کامران اکمل، شاہد یوسف، بریڈ ہوج، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، محمد اصغر، شان ٹیٹ

اسلام آباد یونائیٹڈ

مصباح الحق (کپتان)، شرجیل خان، ڈیون اسمتھ، آصف علی، بریڈ ہیڈن، خالد لطیف، آندرے رسل، سیموئیل بدری، عمران خالد، محمد عرفان، محمد سمیع


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025