• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

سمندری حدود کی خلاف ورزی: 88 ہندوستانی ماہی گیر گرفتار

شائع February 21, 2016

کراچی: میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (ایم ایس اے) نے پاکستانی سمندری حدود میں مچھلیاں پکڑنے والے 88 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

حکام نے ڈاکس تھانے میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ 'ہفتے کے دن صبح بحیرہ عرب میں پاکستانی سمندری حدود میں مچھلیاں پکڑنے والے ہندوستانی ماہی گیروں کو ایم ایس اے نے گرفتار کرلیا ہے'۔

'ان ماہی گیروں کی 16 کشتیاں بھی ایم ایس اے نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔ بعد ازاں انھیں پولیس کے حوالے کردیا گیا جہاں سے ان کو متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکس پولیس نے سرکار کی مدعیت میں فارن ایکٹ کی دفعہ 3/4 اور فشری ایکٹ کی دفعہ 3/9 کے تحت ان گرفتار ہندوستانی ماہی گیروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ ششما سوراج کے گزشتہ سال پاکستان کے دورے کے موقع پر دسمبر 2015 میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا تھا تاہم گزشتہ 3 ماہ میں اس قدر بڑی تعداد میں ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرنے کا یہ تیسرا واقع سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے طے شدہ خارجہ سیکریٹریز کے مذاکرات گزشتہ ماہ ہندوستان کے پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے کے باعث ملتوی ہوگئے تھے۔

فشریز حکام نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ماہی گیروں کی رہائی اور تبادلے بھی گزشتہ کئی ماہ سے تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

یہ خبر 21 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024