وادی تیرہ: فضائی کارروائی میں 9 'دہشت گرد' ہلاک
لنڈی کوتل: وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقے فاٹا میں خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیرہ میں پاک فوج کے فضائی حملے میں 9 'دہشت گرد' ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک فضائیہ کے طیاروں نے راجگال اور کاکا خیل کے علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور لشکر اسلام (ایل آئی) کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی.
انھوں ںے دعویٰ کیا کہ 'بالکل واضح' کارروائی مذکورہ علاقے میں ٹی ٹی پی اور ایل آئی کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مذکورہ دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی.
دوسری جانب جنوبی وزیرستان کی ایجنسی میں وانا سے ٹانک جانے والے راستے پر سٹرک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ حملہ فوجی گاڑی پر کیا گیا، جو جنوبی وزیرستان سے فوجی اہلکاروں کو لے کر ٹانک جارہی تھی۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی حکام نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم رات دیر گئے تک کسی بھی شخص کی گرفتاری کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں.
یہ خبر 16 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔