• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسلام آباد یونائیٹڈ کی مسلسل دوسری فتح

شائع February 10, 2016 اپ ڈیٹ February 11, 2016
شین واٹسن نے شرجیل خان کے ساتھ 153 رنز کا کامیاب آغاز فراہم کیا—فوٹو بشکریہ پی سی بی
شین واٹسن نے شرجیل خان کے ساتھ 153 رنز کا کامیاب آغاز فراہم کیا—فوٹو بشکریہ پی سی بی

شارجہ: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو شرجیل خان اور شین واٹسن کی شاندار بلے بازی کے بدولت 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی.

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان شین واٹسن نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان اظہر علی اور کیمرون ڈیل پورٹ نے اننگز کا آغاز کیا.

ڈیل پورٹ 20 کے مجموعی اسکور پر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اظہر علی اور نوید یاسین نے دوسری وکٹ میں اسکور کو 46 رنز تک پہنچا دیا تاہم کپتان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

اظہرعلی کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے عمر اکمل نے نوید یاسین کے ساتھ مل کر لاہور قلندرز کو 87 رنز تک پہنچایا تو نوید یاسین 25 رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار بنے.

عمر اکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور 23 رنز بنا کر عمران خالد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے.

89 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیون براوو اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور لاہور قلندرز کا اسکور 149 رنز تک پہنچا دیا لیکن براوو وکٹوں کے درمیان تیزی سے رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے، وہ 26 رنز بنا سکے.

کیون کوپر آخری اوور میں صفر پر آؤٹ ہوئے.

محمد رضوان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی.

محمد رضوان 50 اور ذوہہیب خان 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے.

لاہور قلندرز نے مقرررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعید اجمل، عمران خالد اور رومان رئیس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا.

ٹورنامنٹ کے دوسرے بڑے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز بھی بڑا جارحانہ تھا.

کپتان مصباح الحق کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے شین واٹسن اور نوجوان بلے باز شرجیل خان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کا کامیاب آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے ٹورنامنٹ کے بلند وبالا چھکے بھی رسید کئے.

شین واٹسن 4 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آندرے رسل دو رنز بنا کر پویلین لوٹے.

شرجیل خان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 79 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 7 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے، بریڈن صفر پر ناٹ آؤٹ رہے.

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 167 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی.

لاہور کی جانب سے دونوں وکٹیں احسان عادل کے حصے میں آئیں.

شرجیل خان کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

قبل ازیں پی ایس ایل کے 9 ویں میچ میں اسلام آباد کے کپتان شین واٹسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق پنڈلی میں درد کے باعث لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جبکہ اشعر زیدی کی جگہ آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن کو شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کی ٹیم میں کرس گیل بخار کے باعث آج بھی ٹیم میں شامل نہیں ہیں جبکہ حماد اعظم کو باہر بٹھا کر احسان عادل کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

دونوں ٹیمیں اب تک کھیلے گئے 3 میچوں میں ایک ایک فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہیں.

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں.

لاہور قلندرز

اظہر علی (کپتان)، کیمرون ڈی پورٹ، عمر اکمل، ڈیون براوو، محمد رضوان، نوید یاسین، ذوہیب خان، کیون کوپر، اجنتھا مینڈس، ظفر گوہر اور احسان عادل

اسلام آباد یونائیٹڈ

شین واٹسن (کپتان)، شرجیل خان، خالد لطیف، بریڈ ہیڈن، آندرے رسل، سیم بلنگز، کامران غلام، عمران خالد، محمد سمیع، سعید اجمل اور رومان رئیس


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024