• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

پی آئی اے کرایوں میں 50 فیصد کمی

شائع February 10, 2016
— فائل فوٹو/ اے ایف پی
— فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لیے کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کا اعلان کردیا۔

پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا تھا کہ کراچی اور اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے درمیان یکطرفہ کرایہ قیمتوں میں کمی کے بعد 7 ہزار 500 روپے ہوگا۔

اسی طرح کراچی سے جانے والے عمرہ زائرین کے لیے ریٹرن ٹکٹ کی قیمت 45 ہزار500 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ لاہور اور اسلام آباد سے عمرہ زائرین کے لئے ریٹرن ٹکٹ 54 ہزار500 روپے سے شروع ہوگا۔

— فوٹو: بشکریہ پی آئی اے ویب سائٹ
— فوٹو: بشکریہ پی آئی اے ویب سائٹ

ان کا کہنا تھا کہ کرایوں میں کمی کا فیصلہ دیگر ایئرلائنز کی جانب ٹکٹ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کا مقابلہ کرنے اور قومی ایئرلائن کی رونقیں دوبارہ بحال کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ائیر بلو کا 12 فروری کے لیے کراچی سے اسلام آباد کا کرایہ 13800 سے 15100 ہے جس کی تفصیل ان کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے جبکہ ایک اور نجی فضائی کمپنی شاہین ائیر کی ویب سائٹ کے مطابق 12 فروری کے لیے کراچی سے اسلام آباد کا کرایہ 19 ہزار روپے ہوگا، واضح رہے کہ یہ کرائے اکانومی کلاس کے ہیں.

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی شہباز شریف سے ملاقات

دوسری جانب پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کیے۔

ڈان نیوز کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی ملاقات میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مؤقف تھا کہ پی آئی اے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بیل آؤٹ پیکج اور نجکاری ایک سال کے لیے موخر کی جائے، نجکاری سے پیدا ہونے والے عوامی مسائل کو مدنظر اور کسی ملازم کو نوکری سے نہ نکالا جائے جبکہ جن 18 ڈومیسٹک روٹس کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے انہیں فوری طور پر بند کیا جائے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے خسارے سے کوئی ملک ایئر لائن نہیں چلا سکتا، تاہم اگر پی آئی اے منافع بخش ادارہ بن جائے تو نجکاری کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تقریباً دو ہفتوں سے جاری ہڑتال اور احتجاج ختم کرکے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو جون 2016 تک پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024