• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی مستعفی

شائع February 8, 2016
— فائل فوٹو/ اے پی پی
— فائل فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم ہاؤس کے عہدیدار نے گورنر خیبر پختونخوا کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب عباسی نے وزیر اعظم نواز شریف کو اپنا تحریری استعفیٰ پیش کیا، جسے انہوں نے منظور کرکے حتمی منظوری کے لیے صدر ممنون حسین کو بھجوا دیا۔

ایک اور ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سردار مہتاب عباسی پارلیمانی سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں جس کے باعث انہوں نے استعفیٰ دیا.

یہ بھی پڑھیں : مہتاب عباسی گورنر خیبر پختونخوا مقرر

واضح رہے کہ سردار مہتاب خان عباسی نے 14 اپریل 2014 کو گورنر خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

مسلم لیگ (ن) سے وابستہ سردار مہتاب احمد خان عباسی اپنے 30 سال سے زائد عرصے پر محیط سیاسی کیریئر میں اس وقت کی سرحد اسمبلی کے 1985، 1988، 1990، 1993 اور 1997 میں رکن منتخب ہوئے۔

انہوں نے 1997 سے 1999 تک صوبے کے وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی فرائض انجام دیے۔

اس طرح انہیں ایک ہی صوبے کا گورنر اور وزیر اعلیٰ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

سردار مہتاب عباسی کا سیاسی کیریئر

سردار مہتاب عباسی نے 1990، 1993 اور 1997 میں ایبٹ آباد سے قومی و صوبائی دونوں اسمبلیوں کی نشتیں جیتیں، وہ پرویز مشرف کی جانب سے اپنی جماعت کی حکومت معزول کیے جانے اور گندم اسکینڈل کیس میں جیل بھیجے جانے کے باعث 2002 کے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے، نیب نے انہیں 2003 میں اس اسکینڈل سے بری کردیا۔

وہ 2003 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے، سال 2008 کے عام انتخابات میں انہوں نے اپنے روایتی حریف امان اللہ خان جدون کو شکست دے کر ایبٹ آباد سے کامیابی حاصل کی، تاہم 2013 کے انتخابات میں وہ اپنی قومی اسمبلی کی یہ سیٹ بچا نہ سکے۔

تاہم انہوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر ہوئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Feb 09, 2016 03:41am
معاملہ عملی سیاست سے بالا بھی ھوسکتا ھے اگر صدر پاکستان بنائے گئے تو حیرت کی بات نہیں ھوگی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024