• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

این اے 122:انتخاب کالعدم قرار دینےکی درخواست خارج

شائع February 1, 2016

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 کے ضمنی انتخابات کالعدم قرار دینے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست مسترد کردی، جبکہ علیم خان کی ووٹوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے بینچ نے این اے 122 کے ضمنی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست پر 19 جنوری کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی اور درخواست گزار کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

الیکشن کمیشن کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ درخواست گزار علیم خان کی جانب سے چند ووٹروں کے غلط بیان حلفی جمع کرائے گئے، جس پر الیکشن کمیشن درخواست گزار کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں : این اے 122:ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی درخواست مسترد

تاہم الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی منتقلی سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے تحریک انصاف کو ووٹوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستوں میں شامل کیے گئے نئے ووٹرز کا ریکارڈ پی ٹی آئی کو فراہم کیا جائے، یہ ریکارڈ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ 2013 کی نسبت 2015 میں انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج، اخراج کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی شیڈول کے بعد انتخابی فہرستوں میں ہونے والے ردوبدل کا ریکارڈ بھی حاصل کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : این اے -122: ن لیگ سخت مقابلے کے بعد کامیاب

یاد رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے، جن کی کامیابی کو ان کے مخالف امیدوار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیلنج کیا تھا۔

بعد ازاں الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کا موقف درست قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔

گزشتہ برس 11 اکتوبر کو این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی نے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق کے مقابلے میں علیم خان کو نامزد کیا۔

مزید پڑھیں : این اے-122 دھاندلی کیس کا فیصلہ، دوبارہ الیکشن کا حکم

ضمنی انتخاب میں سخت مقابلے کے بعد ایاز صادق نے علیم خان کو شکست دے دی، تاہم پی ٹی آئی امیدوار نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر ضمنی انتخاب میں دھاندلی کرکے جیتنے کا الزام عائد کیا اور الیکشن ٹربیونل میں پٹیشن دائر کی۔

تاہم گزشتہ ہفتے الیکشن ٹربیونل کے جج رشید قمر نے پی ٹی آئی امیدوار علیم خان کی جانب سے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024