عامر پر طنز، اسٹیڈیم اناؤنسر کو تنبیہ
ویلنگٹن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسٹیڈیم اناؤنسر کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد عامر پر طنز کرنے پر نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے باقاعدہ سرزنش کی گئی ہے.
جمعہ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ سے ایک عرصے سے معاہدے میں موجود مارک میک لیوڈ نے میچ کے دوران عامر کے ایک اسپیل کے دوران 'کیش رجسٹر' کی آواز چلائی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے واقعے پر معافی مانگ لی ہے اور اب میک لیوڈ کی عوامی سطح پر سرزنش کی۔
2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد عامر پہلی دفعہ پاکستانی ٹیم کا حصہ بنے ہیں اور ٹیم کے ہمراہ پہلا دورہ کر رہے ہیں۔
ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ میرے لحاظ سے یہ آواز چلانا نامناسب اور توہین آمیز تھا اور اس عمل سے کرکٹ کو درپیش ایک بڑے مسئلے کو نظرانداز کیے جانے کے اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ سے معافی مانگنے کیلئے رابطہ کر لیا تھا اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی اس طرح کا واقعہ دوبارہ رونما نہیں ہو گا۔
کرکٹ میں واپسی پر عامر کو توقعات کے مطابق ردعمل نہ مل سکا جہاں شائقین کا رویے میں انتہائی سرد مہری تھی۔ جہاں ایک طرف انہیں پانچ سال بعد کرکٹ میں آمد پر کافی سراہا گیا تو دوسری جانب کچھ لوگوں کی جانب سے ان پر جملے کسے گئے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں کہ عامر کے تلخ ماضی کی یادیں ان کے سامنے پھر تازہ ہو گئی ہوں بلکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک شائق کی جانب سے عامر کی طرف طنزاً ڈالر اور جیولری لہرائے گئے اور اس واقعے کی پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے تصدیق بھی کی تھی۔
اس موقع پر محمد حفیظ نے عامر کی مدد کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے سیکیورٹی آفیشل کو معاملے سے آگاہ کیا تھا جن کی شکایت گراؤنڈ آفیشلز نے شائق کی تنبیہ کی تھی۔
ٹیم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ طنز براہ راست عامر کی طرف نہیں کیا گیا تھا اور عامر اس معاملے سے کافی دیر تک لاعلم رہے۔
تاہم ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ شائقین کو آزادی اظہار کا حق دیتا ہے اور اس وقت تک کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا جب تک وہ کوئی بدتمیزی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شائقین میں بیٹھا کوئی بھی شخص تھوڑا بہت ہنسی مذاق کر سکتا ہے اور یہ ایک بالکل مختلف چیز ہے۔ ہم لوگوں کو یہ تو نہیں بتا سکتے کہ انہیں ہر وقت کس طرح کے رویے کا اظہار کرنا ہے۔ دنیا بھر میں شائقین سے بھرے اسٹیڈیم میں لوگ فقرے کستے ہیں تاہم میرا ماننا ہے کہ اس کی حد متعین ہونی چاہیے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں