آسٹریلین اوپن،اعصام الحق اور ثانیہ مرزا مدمقابل
میلبورن: پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی اور قازقستان کی یاروسلیو شیودوا نے آسٹریلین اوپن ٹینس کے مکسڈ ڈبلز کے پہلے مرحلے میں مقامی جوڑی کو شکست دے کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی جہاں ان کا مقابلہ ثانیہ مرزا اور کروشیا کے آئین ڈوڈگ سے ہوگا۔
اعصام الحق اور یاروسلیو نے میزبان آسٹریلیا کے لیوک سیول اور ڈیریا گیوریلوا کو اسٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 6-7 سے شکست دی۔
برطانوی کھلاڑی جوناتھن مرے کے ساتھ مینز ڈبلز کے پہلے مرحلے میں ہی ناکامی سے دوچار ہونے کے بعد اعصام الحق نے مکسڈ ڈبلز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قازقستانی اسٹار اور اعصام نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوان میزبان جوڑی کو ایک گھنٹہ 17 منٹ کے مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا۔
مزید پڑھیں: اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں باہر
اعصام الحق اور ان کے برطانوی ساتھی جوناتھن مرے کا پہلے مرحلے میں برطانیہ کے ہی نمبر ایک اینڈی مرے کے بڑے بھائی جمی مرے اور درجہ بندی میں 22 ویں نمبر پر موجود برازیل کے سورس سے مقابلہ ہوا تھا جس میں اعصام کی جوڑی کو 6-3 اور 6-4 سے شکست ہوئی تھی۔
دوسرے مرحلے میں اعصام اور شیودوا کو مشکل حریف کا سامنا ہوگا جہاں ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور کروشیا کے آئیون ڈوڈگ سے ان کا مقابلہ ہوگا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔