ایران میں بے گھروں کیلئے ’دیوارِمہربانی‘
تہران: پاکستان کے پڑوسی ملک ایران کے کئی مقامات پر بظاہر عام آنے والی دیواروں کو خوبصورت رنگ و روغن کرکے اور کچھ کپڑے ٹانکنے کے ہکس لگا کر ایسی شکل دے دی گئی ہے، جن سے عام استعمال کی چیزیں ضرورت مندوں کے لیے خیرات کرنے کے رجحان کو فروغ دیا جارہا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں پائی جانے والی یہ دیواریں ’دیوار مہربانی‘ (Wall of Kindness) سے مشہور ہو رہی ہیں جہاں انجان لوگ روز مرہ کے استعمال کی وہ چیزیں چھوڑ کر جاتے ہیں جن کی انہیں مزید ضرورت نہیں ہوتی اور اس کے بعد وہ چیزیں ضرورت مند لے جاتے ہیں۔
ان دیواروں پر ہر گزرنے والے شخص کے لیے یہ پیغام بھی لکھا ہوا ہے کہ ’جس چیز کی ضرورت نہیں وہ یہاں چھوڑ جائیں‘ اس کے ساتھ یہ جملہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’آپ کو ضرورت ہے تو لے جائیں‘۔
اس مہم کے شروع ہونے کے بعد ایران کے جنوبی شہر شیراز کی گھادمگاہ اسٹریٹ کی ایسی ہی ایک دیوار پر چند کوٹ، جیکٹ اور جینز کی کچھ پینٹیں لٹکی نظر آئیں۔
مغرب میں واقع کرمان شاہ کی ’دیوار مہربانی‘ پر خواتین کے کپڑے لٹکے ہوئے دکھائے دیئے جنہیں بارش سے بچانے کے لیے پلاسٹک سے ڈھک دیا گیا، جبکہ کپڑوں کے ہکس کے نیچے جوتوں کا شیلف بھی رکھا گیا ہے۔
یہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکا کہ اس مہم کا آغاز کس نے کیا، لیکن ایران میں سوشل میڈیا پر اسے کافی سراہا جارہا ہے، جبکہ ایرانی میڈیا میں بھی اسے مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔
دارالحکومت تہران کی مقامی انتظامیہ نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کی مزید دیواریں بنائیں گے۔
خیرات کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے تہران میں کھانے پینے کی چیزیں بیچنے والے چند دکانداروں نے اپنے فریج باہر رکھ دہے اور پیغام لکھ کر لگایا کہ اگر ’آپ کے پاس اضافی کھانا ہے تو بے گھروں کے لیے یہاں چھوڑ جائیں‘۔
واضح رہے کہ ایران میں روزانہ لاکھوں افراد غربت کے باعث سڑکوں اور فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.