• KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:05pm
  • LHR: Maghrib 6:21pm Isha 7:44pm
  • ISB: Maghrib 6:28pm Isha 7:52pm
  • KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:05pm
  • LHR: Maghrib 6:21pm Isha 7:44pm
  • ISB: Maghrib 6:28pm Isha 7:52pm

ملک کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا

شائع January 15, 2016

لاہور: صوبہ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ملک کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا جبکہ 15 سے زائد پاور پلانٹس بھی بند ہوگئے.

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ سسٹم (این ٹی ڈی سی) کے ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ میں 220 کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائن صبح 9 بجکر 21 منٹ پر ٹرپ ہوئی، جس سے ملک کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا.

این ٹی ڈی سی حکام نے بتایا کہ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے علاقے متاثر ہوئے، ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے 15 سے زائد پاور پلانٹس بھی بند ہوگئے، جس سے وسطی و شمالی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، تاہم حفاظتی اقدامات کے باعث پورا ٹرانسمیشن سسٹم ٹرپ ہونے سے بچ گیا.

دوسری جانب منگلاپاور ہاؤس میں خرابی سے میرپور سمیت آزاد کشمیر کے کئی اضلاع بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔

نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان نیوز کو بتایا کہ وزارت پانی وبجلی کی ہدایت پر بجلی کی پیداوار کا نظام انتہائی سخت رکھا جارہا تھا اور متعدد پاور پلانٹس کو فیول کی بچت کے پیش نظر بند رکھا گیا، یہی وجہ ہے کہ سالانہ نہری بندش کے باعث تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا ڈیم سے پن بجلی کی پیداوار 4 ہزار میگاواٹ سے کم ہوکر 800 تا 1300 میگاواٹ رہ گئی۔

مذکورہ عہدیدار کے مطابق وزارت پانی وبجلی کی جانب سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت بچانے کے لیے فرنس آئل کے پاور پلانٹس سے پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے کی اجازت نہیں تھی، جس کے باعث بجلی کی طلب کے مقابلے میں پیداوار کم تھی اور نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے سسٹم کی پاور فریکوئنسی آؤٹ ہونے کے باعث این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی جس کے باعث بریک ڈاؤن ہوا۔

ترجمان وزارت پانی وبجلی نے تصدیق کی ہے مظفرگڑھ کے قریب این ٹی ڈی سی 220 کے وی اے کی ٹرانسمیشن لائن خراب ہونے کے باعث ملتان-مظفرگڑھ سرکٹ کو بجلی کی فراہمی متاثرہوئی، تاہم حفاظتی نظام کے باعث ملک کا جنوبی علاقہ بریک ڈاؤن سے بچ گیا جس کے ذریعے فیصل آباد تک بجلی کی سپلائی بحال کرنے میں مدد ملی۔

ترجمان کے مطابق آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں میں بجلی کی سپلائی مکمل بحال کرلی جائے گی۔

بجلی کے تعطل سے ایئرپورٹس پر بھی کام متاثر ہوا اور پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، سرکاری اداروں اور ہسپتالوں میں جنریٹرز سے کام چلایا جارہا ہے جبکہ متعدد آپریشن ملتوی کردیئے گئے.

مزید پڑھیں:بجلی کا ایک اور بڑا بریک ڈاؤن ، 3 صوبے متاثر

گذشتہ برس 8 جنوری کو بھی دھند اور اوورلوڈ ہونے کے باعث ملک بھر کو بجلی فراہم کرنے والی ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ ہونے سے ملک کے 3 صوبوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی.

بعد ازاں 7 جولائی کو شہرِ قائد کراچی میں بھی بجلی کا ایک بڑا بریک ڈاؤن ہوا اور شہر کا 70 فیصد حصہ تاریکی میں ڈوب گیا، جس کے بعد اسی ماہ کم از کم 3 مرتبہ بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (2) بند ہیں

Khuram Murad Jan 15, 2016 02:33pm
نااہل حکومت کی ایک اور نا اہلی۔ کیا جمہورئیت میں نا اہلیت کا بھی کوئی احتساب بھی ہوتا ؟
SMH Jan 15, 2016 04:57pm
ذرا غور فرمایے،،،ملک کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا.۔۔۔تاہم حفاظتی اقدامات کے باعث پورا ٹرانسمیشن سسٹم ٹرپ ہونے سے بچ گیا.،،،،اگر باقی کا تیس فی صد بھی بند ہو جاتا تو ہم عوام کیا کر لیتے؟ یہ ہے حفاظت کا معیار!

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025