سعودی انٹیلی جنس کی عمارت پر پٹرول بموں سے حملہ
دبئی: سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں نقاب پوش حملہ آوروں نے ایک انٹیلی جنس سروسز کمپاؤنڈ پر فائربموں سے حملہ کر دیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے پیر کو بتایا کہ ’عمارت کو پیٹرول بموں سے جلانے کی ناکام کوشش کی گئی اور ایک حملہ آور پکڑا گیا‘۔
سوشل میڈیا پر 9 جنوری کی تاریخ سے پوسٹ ہونے والی ایک ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا کہ کچھ نقاب پوش نوجوانوں نے اندھیرے میں عمارت کی بیرونی دیوار کے اوپر سے فائر بم پھینکے۔
پھینکے جانے والے اکثر بموں نے آگ پکڑ لی، جس سے قریب ہی ایک درخت جل گیا۔ وڈیو کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی ۔ ابھی تک کسی نے حملے کہ ذمہ داری بھی قبول نہیں کی۔
تاہم، وڈیو ریکارڈنگ میں لکھا گیا ہے کہ شیعہ نوجوانوں نے شیخ نمر النمر کی پھانسی کا بدلہ لینے کیلئے یہ حملہ کیا۔
خیال رہے کہ دو جنوری کو نمر النمر سمیت 47 افراد کو سعودی عرب میں سزائے موت دے دی گئی تھی۔
ایک سعودی عدالت نے مئی، 2014 میں نمر النمر کو قطیف میں دنگا فساد، احتجاج، ڈکیتی کے الزامات پر سزائے موت سنائی تھی۔
جولائی، 2012 میں ان کی گرفتاری کے بعد پر تشدد مظاہروں میں تین افراد مارے گئے تھے۔
گزشتہ منگل ، چار مسلح افراد نے سعودی عرب کے تیل پیدا کرنے والے مشرقی صوبے میں ملازمین کی ایک بس کو نذر آتش کر دیا تھا۔
ریاستی کمپنی ’آرامکو‘ نے بتایا تھا کہ بس پر حملے میں ان کا کوئی ملازم زخمی نہیں ہوا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.