بلوچستان میں 90 ہزار شناختی کارڈز بلاک
کوئٹہ: نادرا نے گزشتہ چند سالوں کے دوران 90 ہزار قومی شناختی کارڈز بلاک کیے ہیں جن میں مبینہ طور پر غیر ملکیوں کو جاری کیے گئے کارڈز بھی شامل ہیں۔
نادرا ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اکثر شناختی کارڈز کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ میں بلاک کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں پاکستانیوں کے شناختی کارڈز بھی کوائف مکمل نہ ہونے کے باعث بلاک کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے بلوچستان کے بتیس اضلاع میں ویری فیکیشن کمیٹیاں قائم کردی گئی ہے تاہم ابھی تک صرف کوئٹہ و قلعہ عبداللہ کی کمیٹیوں نے کام شروع کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نادرا نے مبینہ طور پر غیر ملکیوں کو جاری ہونے والے 40 ہزار قومی شناختی کارڈ بلاک کیے تھے۔
نادرا حکام کے مطابق بلوچستان میں اب تک نادرا نے 33 لاکھ افراد کو شناختی کارڈز جاری کیے ہیں۔