• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

’افغانستان میں امن کیلئے تعمیری مذاکرات ضروری‘

شائع January 11, 2016
مشیر خارجہ سرتاج عزیز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔ — ڈان نیوز
مشیر خارجہ سرتاج عزیز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔ — ڈان نیوز

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے جس کے لیے تعمیری مذاکرات ضروری ہیں۔

افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے اسلام آباد میں چار ملکی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں پاکستان، چین، امریکا اور افغانستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملکوں کو اہمیت دیتا ہے اور افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے جس کے لیے تعمیری مذاکرات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ملاقات ہوئی، جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی 27 دسمبر کو افغانستان کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں امن کیلئے چار فریقی اجلاس پراتفاق

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد مصالحتی عمل میں طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے اور اس کے لیے روڈ میپ وضع کرنا ہے اور امید ہے کہ آج کوآرڈینیشن گروپ کے کام کرنے سے متعلق قابل عمل فریم ورک بنالیا جائے گا، جس سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان کی کوششوں سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا پہلا دور رواں سال 7 جولائی کو مری میں ہوا تھا اور دوسرا دور 31 جولائی کو طے پایا، تاہم افغان طالبان کے امیر ملا عمر کی ہلاکت کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد طالبان نے مذاکرات منسوخ کردیئے تھے، بعد ازاں طالبان نے ملا منصور اختر کو امیر مقرر کیا تھا۔

افغانستان اور پاکستان کئی بار ایک دوسرے پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ان کے ممالک میں ہیں، انہی الزامات کی وجہ سے دو طرفہ کشیدگی بھی رہی ہے۔

مزید پڑھیں : افغان حکومت اور طالبان مذاکرات کا پہلا دور ختم

گزشتہ ماہ شروع میں پاکستان میں افغانستان میں امن کے قیام کے لیے 'ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس' میں افغان صدر اشرف غنی نے شرکت کی تھی، جس سے دونوں ممالک میں کشیدگی کم ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان افغان امن عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے افغانستان کا دورہ کیا، دورے میں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کیں تھی جن میں چار فریقی اجلاس پر بھی اتفاق کیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024