انوشکا شرما ’سلطان‘ کی ہیروئن بنیں گی
بولی وڈ اداکار سلمان خان کی آنے والی فلم ’سلطان‘ کئی عرصے سے اپنی ہیروئن کی تلاش میں تھی جو اب ختم ہوگئی ہے اور اداکارہ انوشکا شرما 'سلطان' میں سلمان خان کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھاتی ہوئی نظر آئیں گی۔
فلم ’سلطان‘ کے لیے اس سے قبل کئی اداکاراؤں کا نام سامنے آیا تھا جس میں دپیکا پڈوکون، پرینیتی چوپڑا، کنگنا رناوٹ اور کریتی سنن شامل ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں ہیروئن کے کردار کے لیے سلمان خان کی سابق گرل فرینڈ کترینہ کیف نے بھی ہدایت کار سے ملاقات کی تھی تاہم انوشکا شرما نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اس فلم کو حاصل کرلیا ہے۔
انوشکا شرما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار سلمان خان کے ہمراہ ایک تصویر شئیر کی اور ساتھ میں ’سلطان‘ لکھا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انوشکا اس فلم کا حصہ بن چکی ہیں۔
انوشکا شرما اب تک بولی وڈ کے دو خانز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔
انہوں نے بولی وڈ میں اپنے کیرئیر کی شروعات شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے کی جس کے بعد وہ ان کے ساتھ فلم ’جب تک ہے جاں‘ میں بھی نظر آئیں۔
انوشکا نے عامر خان کے ساتھ فلم ’پی کے‘ میں بھی کام کیا جس کا شمار ہندوستان کی کامیاب ترین فلموں میں کیا گیا.
سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ رواں سال عید پر ریلیز کی جائے گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔