• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پاکستان کے ساڑھے پانچ کروڑ مزدور کیسے استحصال کا شکار ہیں

شائع December 31, 2015 اپ ڈیٹ May 1, 2017

یہ مضمون 31 دسمبر 2015 کو شائع ہوا تھا، جسے 'یوم مزدور' کی مناسبت سے یہاں دوبارہ شائع کیا جارہا ہے


ایک سنگین جسمانی زخم ایک مزدور اور اس کے گھرانے پر بے پناہ مالی بوجھ ڈال سکتا ہے، اور حالات اس وقت مزید بگڑتے ہیں جب وہ شخص گھر کا اکیلا کمانے والا ہو۔

اس نقصان کا تہرا اثر ہوتا ہے؛ اس سے کارپوریشن کو مالی نقصان پہنچتا ہے، خاندان کے لیے اپنی دال روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہوجاتا ہے اور قومی پیداوار پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔

حالیہ چند سالوں میں پاکستان میں کچھ بھیانک ترین صنعتی حادثات ہوئے ہیں۔

لاہور میں فیکٹری کا انہدام، جس میں 45 کارکن ہلاک ہوئے، اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کام کرنے کی جگہوں پر حفاظت اور صحت کسی کی ترجیح نہیں۔

ستمبر 2012 میں کراچی کی بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آگ لگنے سے 260 سے زیادہ کارکن ہلاک ہوئے۔ اس سے عالمی سطح پر پاکستان میں کام کی جگہوں کی بدترین صورتحال کے بارے میں بھی آگہی پھیلی۔

ان واقعات کے بعد مختصر اور درمیانی مدت کے منصوبے بنائے گئے جن پر عملدرآمد اب بھی باقی ہے۔ اس دوران فیکٹریوں میں غیر قانونی اور خطرناک طریقے سے کام کرنا ایسے جاری ہے جیسے کبھی کچھ ہوا ہی نہیں۔

اگر حفاظتی اقدامات کو مدِنظر رکھا جائے تو زیادہ تر حادثات روکے جا سکتے ہیں، یا کم از کم ان کی شدت ضرور کم کی جا سکتی ہے۔

کراچی میں ایک ڈرائیو سے آپ پر یہ بات واضح ہوجائے گی کہ کس طرح چھوٹی اور بڑی کارپوریشنز اپنے کارکنوں کی حفاظت سے غافل ہیں۔

بل بورڈ ایڈورٹائزنگ کمپنیاں ایسے کئی کاروباروں میں سے ایک ہیں جو اپنے کارکنوں کی حفاظت کو مدِنظر نہیں رکھتیں۔ مزدوروں کو کسی بھی حفاظتی سامان، مثلاً رسیوں، ہیلمٹ اور بیٹھنے کے لیے تختے کے بغیر 50 فٹ اوپر چڑھ کر کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

جو رسیاں یہ لوگ استعمال کرتے ہیں، وہ صرف اتنی موٹی ہوتی ہیں کہ ان سے سامان ٹانگا جا سکے۔ مگر ذمہ داران حفاظتی اقدامات کی دھجیاں اڑائے جانے پر خاموش رہتے ہیں۔

کارکن ایک اونچے بل بورڈ پر کام کر رہے ہیں۔ — فوٹو بشکریہ لکھاری۔
کارکن ایک اونچے بل بورڈ پر کام کر رہے ہیں۔ — فوٹو بشکریہ لکھاری۔

اس کے علاوہ تعمیراتی مزدوروں کو گرنے اور شدید چوٹ لگنے کا خطرہ کئی گنا زیادہ ہوتا ہے۔ دیہاڑی دار مزدور جنہیں تعمیراتی کمپنیاں یا ٹھیکیدار بھرتی کرتے ہیں، اونچی عمارتوں اور گھروں پر چھتیں تعمیر کرتے، اینٹیں اٹھاتے یا ہاتھ گاڑی دھکیلتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

مٹی اور ریت کی وجہ سے آنکھوں کا زخمی ہونا عام ہے کیونکہ حفاظتی چشمے پہننے کا کوئی تصور ہی موجود نہیں۔ حال ہی میں کچھ کمپنیوں نے اپنے کارکنوں کو تعمیراتی جگہ پر گرتی ہوئی اشیاء سے بچانے کے لیے ہیلمٹ فراہم کرنے شروع کیے ہیں۔

جناح ہسپتال کراچی کی لائبریری بلڈنگ کو پینٹر بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے رنگ کریں گے۔ فوٹو بشکریہ لکھاری۔
جناح ہسپتال کراچی کی لائبریری بلڈنگ کو پینٹر بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے رنگ کریں گے۔ فوٹو بشکریہ لکھاری۔

پینٹروں کو اکثر اونچی عمارتوں کی دیواروں پر پینٹ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بسا اوقات زمین سے کئی فٹ اونچائی پر انہیں رنگ کرتے وقت بیٹھنے کے لیے صرف ایک تختہ فراہم کیا جاتا ہے۔

غلامی کی زنجیریں

میں نے ایک پینٹر سلیم سے پوچھا کہ وہ کیوں روز اپنی جان خطرے میں ڈالتا ہے۔

اس نے جواب دیا، "ڈاکٹر صاحب، آپ کے لیے احتیاط اور حفاظت کے بارے میں باتیں کرنا آسان ہے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ میں ایک محفوظ پلیٹ فارم اور رسی اپنی معمولی دیہاڑی سے خرید سکتا ہوں؟ مجھے نو افراد کے اپنے گھرانے کو سنبھالنا ہے اور میری ماں جگر کی مریضہ ہے۔ اگر میں اپنے تحفظ کے بارے میں سوچنے لگوں تو ہم سڑک پر رہ کر پتے کھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔"

تمام مزدوروں کے پاس یہی وجوہات ہیں، وہ اور کریں بھی کیا جب وہ 12 گھنٹے کام کرنے پر روز 800 روپے سے بھی کم کماتے ہیں۔ مزدور کام کرنے کے محفوظ ماحول کا مطالبہ نہ کر سکتے ہیں اور نہ کریں گے، کیونکہ انہیں یہ یقین دلا دیا گیا ہے کہ وہ اس کا حق نہیں رکھتے، جبکہ تعلقات رکھنے والے کرپٹ مالکان پولیس اور میڈیکو لیگل افسران کو رشوت دے کر باآسانی قانون کی گرفت سے نکل جاتے ہیں۔

پاکستان میں زندگی کی قیمت بہت کم ہے۔ تعلیم اور آگہی کی کمی اور شدید غربت اس استحصال کی وجہ ہے۔

جہاں ہم اپنے نظام میں موجود خامیوں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، وہیں قابلِ تعریف اقدامات کی تعریف کرنا بھی اہم ہے۔ کچھ سال قبل میں نے کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (کے ای ایس سی) کے ملازمین کو بغیر کسی حفاظتی اشیاء کے بجلی کے کھمبوں پر چڑھتے دیکھا تھا۔

مگر گذشتہ سال سے ایک مثبت تبدیلی آئی ہے۔ کے الیکٹرک (کے ای) کے فیلڈ کارکنوں کو اب ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی سامان کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ ایک کارپوریشن کو اپنے ملازمین کے تحفظ کے لیے اقدامات کرتے دیکھنا نہایت خوش آئند ہے۔ میرے علم میں آیا ہے کہ کمپنی اب اپنے ملازمین کو باقاعدگی سے جان بچانے کی تربیت بھی دیتی ہے۔

پاکستان میں مزدوروں کے تحفظ سے متعلق سب سے اہم قانون دستاویز 'فیکٹریز ایکٹ 1934' ہے۔ اس ایکٹ میں مزدوروں کے تحفظ اور صحت اور ان کی خلاف ورزیوں پر تفصیلاً بات کی گئی ہے۔ مگر ملک میں موجود دیگر قوانین کی طرح یہ قانون بھی عملدرآمد سے محروم ہے۔

حال ہی میں پاکستان میں انفراسٹرکچر میں ہونے والی زبردست سرمایہ کاری کو دیکھتے ہوئے حکومت کو چاہیے کہ اب وہ مزدوروں کے تحفظ پر بھی توجہ دے۔

ذیل میں دیے گئے کچھ بنیادی اقدامات کئی جانیں بچا سکتے ہیں:

  • تعمیراتی سائٹ سے کم از کم دو میل پہلے 'کام جاری ہے' کی وارننگز شروع ہونی چاہیئں۔

  • ایک میل پہلے سڑک پر کون رکھنے چاہیئں تاکہ ڈرائیور اپنی لین تبدیل کر لیں۔

  • تعمیراتی جگہوں کے قریب گاڑیوں کی حدِ رفتار کم رکھنی چاہیے۔

  • ڈرائیورز کو آگے جاری کام سے خبردار کرنے کے لیے روشنیاں لگانی چاہیئں۔

  • ان علاقوں میں جرمانے دو گنے کر دینے چاہیئں۔

  • تعمیراتی جگہوں پر صحت اور تحفظ کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروا کر مناسب اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

  • مزدوروں کو ہیلمٹ، چمکدار جیکٹیں، دستانے اور موٹے بوٹس فراہم کیے جائیں تاکہ وہ چوٹوں سے بچ سکیں۔

کام کرنے کی جگہوں پر صرف چوٹ لگنے کے خطرات ہی موجود نہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی دیگر طبی مسائل ہیں جن کا مزدوروں کو اکثر سامنا رہتا ہے مگر یہ مسائل رپورٹ نہیں ہوتے؛ مثلاً قالین کی صنعت میں کارکنوں کو لاحق جلد کے امراض، کیمیکل فیکٹریوں اور کانوں میں پھیپھڑے کے امراض اور اس کے علاوہ سننے میں دشواری وغیرہ۔

اپنے ملازمین کے باقاعدگی سے صحت اور فٹنس کے چیک اپ، ذہنی تندرستی اور کارکردگی کی جانچ پڑتال وہ بنیادی حقوق ہیں جنہیں مالکان کو یقینی بنانا چاہیے۔

مگر لگتا ہے کہ پاکستان کے 5 کروڑ 60 لاکھ مزدوروں کا مستقبل غیر یقینی ہے۔

جہانزیب آفندی

جہانزیب آفندی کراچی میں مقیم میڈیکل ڈاکٹر اور فرسٹ رسپانس انیشی ایٹو آف پاکستان (ایف آر آئی پی) کے شریک بانی ہیں۔

ان کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے۔ انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: Jahanzebeffendi@

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

نجیب احمد سنگھیڑہ Dec 31, 2015 04:51pm
محترم آفندی صاحب نےایک اہم موضوع کو چھوا ہے اور مزدورں کی جان کی حفاظت کےلیےجو اقدامات بیان فرمائے ہیں، اگر ان کو عملی جامہ پہنایا جائے تو مزدوروں کی دوران کام حفاظت ممکن ہو سکتی ہے۔ایکٹ انیس سو چونتیس ہو یا آئینی اصلاحات ہوں،جو کچھ بھی ہو، وہ عملآ ملک میں لاگو نہیں کیا جاتا۔ اگر کوئی ایکٹ اور قانون بارے کمپنیوں کو قابو کرنے کی کوشش کرے تو وہ دے دلا کر معاملہ ٹھنڈا کر دیتی ہیں۔ حفاظتی ماحول فراہم نہ کرنا بھی کرپشن ہے۔ کرپشن میں ملک سر سے پیر تک لبڑا ہوا ہے جس کا علاج نہیں نکل سکے گا جب تک کہ تعلیم ایسی اور اس طریقے سے نہ دی جائے جب تک کہ وہ ضمیر پر چوٹ نہ مارے۔ سمجھ سے باہر ہے کہ جہاد، مذہبی قوانین، توہین مذہب جیسے قانون کے لیے پند و نصائح کے علمبردار مولوی صاحبان ملک کو ہلا کر رکھ دیتے ہیں مگر کرپشن، لالچ، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری، زنا بالجبر، دھوکہ دہی، ڈاکہ زنی ۔۔۔۔ سب کچھ جاری ہے۔ اگر ملک اسلام کا دعویٰ دار ہے تو یہ مسائل ازخود ختم ہو جانے چاہییں تھےکہ اسلام نے انکی سختی سےممانعت کی ہے۔چونکہ ایسا نہیں ہےاسلیے ملک میں جو صورتحال ہے اسے “شکل مومناں، کرتوت کافراں“ کہا جائے گا۔
نجیب احمد سنگھیڑہ Dec 31, 2015 05:00pm
کمپنیاں، صعنتکار اور تاجر پیشہ لوگ مزدوروں کی فلاح و بہبود میں دلچسپی اس لیے نہیں رکھتے کہ ایسا کرنے سے انکا منافع کم ہو جائے گا۔ یہ لوگ تو ہنگامی چھٹی کی بھی مزدور کی تنخواہ کاٹ لیتے ہیں، ان سے توقع نہیں کی جا سکتی کہ مزدوروں کی جان کی حفاظت کو مدنظر رکھ کر بلڈنگز بنائیں، فیکٹریاں بنائیں، حفاظتی سامان بہم پہنچائیں۔ کیونکہ یہ فطری طور پر لالچی اور منافع خور واقع ہوئے ہیں اور انکی بنیادی سرشت کو کارل مارکس اور لینن نے دھائیوں پہلے تفصیلی طور پر دنیائے عالم کو بتا دیا تھا۔ پرائیوٹائزیشن عمل بھی حکومتی مزدور دشمنی ہے اور ملازمین کو صنعتکاروں کے رحم و کرم پر پھینکنا ہے۔ مزدوروں کی آواز تب ابھرے گی جب صنعتیں حکومتی سرپرستی میں آ جائیں، جب منافع صرف ایک کو نہیں بلکہ تمام ملازمین کو ملنا شروع ہو۔ منافع کی ملازمین میں تقسیم سے مزدور مزید تن فشانی سے کام کریں گے۔ ایک لوہے کی بھٹی کے مالک کا خاندان کیسے درجنوں بڑی فیکٹریوں کا مالک بن گیا؟ اور سیاست میں بھی اڈا لگا لیا؟ یہ سوال لمحہ فکریہ ہے اور اس کا جواب ڈھونڈ کر مزدوروں کی موجودہ حقیقی صورتحآل بارے جانچا جا سکتا ہے۔
avarah Dec 31, 2015 11:50pm
what does the law say about this and do law asks contractor to get social security and insurance of worker/s?

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024