نادرا دفتر نے 3 انتباہ نظر انداز کیے، مردان پولیس
مردان: ضلع مردان کے محکمہ پولیس نے متعدد مرتبہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے مردان میں دفتر کو اپنی سیکیورٹی بڑھانے کیلئے تحریری ہدایات دی تھیں۔
یہ بات مقامی پولیس حکام نے منگل کو یہاں نادرا آفس کے باہر خود کش بم دھماکے میں 26 ہلاکتوں کے اگلے روز بدھ کو بتائی۔
ریجنل پولیس افسر سعید وزیر نے ڈان کو بتایا کہ خطرات کے پیش نظر پولیس نے نادرا کے ریجنل دفتر کو جنوری اور اکتوبر میں سیکیورٹی بڑھانے پر مبنی دو انتباہ بھیجے تھے۔
ایک مقامی پولیس افسر کی اعلیٰ حکام کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق نادرا کے ریجنل سربراہ نے انتباہ پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا۔
7 جنوری کو جاری ہونے والے پہلے انتباہ میں ایک ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس نے نادرا کی انتظامیہ کو فول پروف سیکیورٹی اقدامات اٹھاتے ہوئے مرکزی دروازہ محفوظ بنانے، کیمرے نصب کرنے اور باؤنڈری دیوار کھڑا کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
اس کے بعد اکتوبر میں ایک بار پھر سیکیورٹی انتباہ بھیجا گیا۔
نادرا انتظامیہ کی جانب سے انتباہ پر عمل درآمد نہ ہونے کے بعد پولیس نے 16 اکتوبر کو مردان سٹی پولیس اسٹیشن میں نادرا انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔
خود کش حملے سے محض ایک دن قبل 28 دسمبر کو آخری مرتبہ ایک اور ایسا انتباہ جاری ہوا، جس میں نادرا انتظامیہ کو خبردار کیا گیا کہ عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں پولیس قانونی چارہ جوئی کرے گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
تبصرے (2) بند ہیں