افتخار چوہدری نے اپنی سیاسی جماعت بنالی
اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے پاکستان جسٹس ڈیموکریٹک کرٹک پارٹی (پی جے ڈی سی پی) کے نام سے باقاعدہ اپنی سیاسی جماعت قائم کرلی ہے۔
پارٹی کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ان کی جماعت میں صرف کرپشن سے پاک لوگوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، جبکہ ان کی جماعت کا مقصد عوام کے مسائل حل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت تعلیم، صحت اور لینڈ ریفارمز سمیت 25 نکاتی ایجنڈے پر کام کرے گی، جبکہ عام آدمی کو انصاف دلانا ان کی جماعت کا بنیادی منشور ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : افتخار چوہدری کا سیاسی جماعت بنانے کا اعلان
تقریب میں وکلا اور سول سوسائٹی کے افراد سمیت دیگر نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس نے چند ماہ قبل ہی اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ افتخار محمد چوہدری کو 30 جون 2005 کو اس وقت کے صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے ملک کا 18واں چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔
مزید پڑھیں: 'سابق چیف جسٹس کی مراعات غیرآئینی قرار'
2007 میں پرویز مشرف نے ان سے استعفیٰ طلب کیا لیکن افتخار چوہدری نے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا، جس کے بعد یہ تنازع 3 نومبر 2007 کو ان کی معطلی کا باعث بنا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور حکومت میں انہیں 22 مارچ 2009 کو دوبارہ چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر بحال کیا گیا، جس کے بعد وہ 11 دسمبر 2013 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : افتخار چوہدری کا عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس
افتخار محمد چوہدری ان افراد میں سے بھی ایک تھے جن پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔
یہ خبر 27 دسمبر 2015 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (6) بند ہیں