10 لاکھ روپے میں باآسانی دستیاب گاڑیاں
آپ نے خاصے پیسے جمع کر لیے ہیں اور اب اپنے لیے گاڑی خریدنا چاہتے ہیں، تو یہ جان کر آپ کو ضرور خوشی ہوگی کہ یہاں محدود بجٹ میں بھی چند اچھی گاڑیاں دستیاب ہیں۔
پاکستان میں گاڑیوں کی منڈی آج سے دس سال پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہوچکی ہے۔ نہ صرف یہ کہ نئی گاڑیاں برائے فروخت ہیں بلکہ پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی بتدریج کمی آ رہی ہے۔ آج کل آپ 10 لاکھ روپے کے اندر اندر بہت اچھی گاڑیاں خرید سکتے ہیں، اور اس کے علاوہ بیرون ملک سے گاڑی درآمد بھی کی جاسکتی ہے۔
اس بلاگ میں میں ان گاڑیوں کے متعلق بات کروں گا جو 10 لاکھ روپے کے بجٹ میں خریدی جاسکتی ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس بجٹ میں درجنوں گاڑیاں منتخب کی جا سکتی ہیں۔ مجھے بھی اس بلاگ کے لیے ان گاڑیوں میں سے چند بہترین منتخب کرنے میں قدرے مشکل پیش آئی۔ میری کوشش ہوگی کہ یہاں ہم مختصراً ہی سہی، پر زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کے متعلق بات کریں۔ اس مضمون کا مقصد ان لوگوں کی رہنمائی کرنا ہے جو محدود بجٹ میں نئی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں۔
سب سے پہلے تو یہ فیصلہ کر لیں کہ آپ بالکل نئی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں یا استعمال شدہ گاڑی لینا چاہتے ہیں۔ نئی اور پرانی دونوں طرح کی گاڑیوں کے اپنے فوائد اور انفرادیت ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ 4×4 لینا چاہتے ہیں تو 10 لاکھ میں نئی تو آئے گی نہیں، یوں آپ کو استعمال شدہ ہی خریدنی پڑے گی۔ نئی اور پرانی گاڑی میں سے ایک کا فیصلہ کر لینے کے بعد اندازہ لگائیں کہ آیا یہ گاڑی دستیاب بجٹ میں آپ کی ضروریات پوری کرے گی یا نہیں۔
اسے مزید بہتر اور باآسانی سمجھنے کے لیے محدود بجٹ میں دستیاب گاڑیوں کو تین زمروں میں تقسیم کر دیتے ہیں:
ہیچ بیکس
سیڈان
SUV
ہیچ بیکس
اگر آپ بغیر ڈگی والی یعنی ہیچ بیک گاڑی خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس بے شمار برانڈز موجود ہیں۔ 10 لاکھ روپے میں آپ نئی ہیچ بیک بھی لے سکتے ہیں اور استعمال شدہ بھی۔ اگر بالکل نئی خریدنا چاہیں تو سوزوکی مہران 6.3 لاکھ روپے، یوروII مہران 6.8 لاکھ روپے کے علاوہ سوزوکی ویگن آر 8.5 لاکھ روپے میں حاصل کی جا سکتی ہے۔ مزید برآں سوزوکی، ٹویوٹا، ڈائی ہاٹسو جیسے معروف جاپانی کار ساز اداروں کی استعمال و درآمد شدہ گاڑیاں بھی خریدی جاسکتی ہیں جن کی فہرست یہاں موجود ہے۔
سیڈان
افسوس کے ساتھ لکھنا پڑ رہا ہے کہ 10 لاکھ میں کوئی نئی سیڈان، یعنی ڈگی والی گاڑی تو اب دستیاب نہیں، البتہ استعمال شدہ سیڈان گاڑیاں اس بجٹ میں ضرور مل جائیں گی۔ اگر آپ ہونڈا کے مداح ہیں تو چھٹی اور ساتویں جنریشن کی سِوک مل سکتی ہے۔ اگر آپ زیادہ خوش قسمت ہیں تو آٹھویں جنریشن کی ہونڈا سِوک بھی لگ بھگ 10 لاکھ میں مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ 10-2009 کی ٹویوٹا کرولا بھی وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ اگر آپ اس سے زیادہ جدید گاڑی لینا چاہتے ہیں تو سوزوکی لیانا 12-2010 بھی مل سکتی ہے، البتہ ملک میں اس کی شہرت کچھ زیادہ نہیں ہے۔ ویسے اس کیٹیگری میں 2000 سے پہلے کی مرسڈیز بینز C- کلاس بھی شامل ہے بشرطیکہ وہ اچھی حالت میں مل جائے۔
SUV
اس زمرے میں بہت کم ہی گاڑیاں مل سکیں گی۔ اس کی وجہ عام لوگوں کا مہنگی SUVs کی طرف راغب ہونا ہے۔ لہٰذا کار ساز ادارے بھی پرتعیش اور بیش قیمت SUVs بنانے کو ترجیح دیتی ہیں۔ لوگ اس گاڑی کو اپنی شان و شوکت کے اظہار اور بیرونِ شہر سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اگر آپ سستی SUV لینا چاہتے ہیں تو ٹویوٹا کی 4×4 فہرست میں شامل پراڈو اور RKR خریدنا تو شاید ممکن نہ ہو البتہ MMC پجیرو (1995 سے بعد کا ماڈل) تقریباً 10 لاکھ روپے میں مل جائے گا۔ اس کے علاوہ منی پجیرو پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
اگر آپ پاک ویلز پر موجود استعمال شدہ گاڑیوں کا زمرہ ملاحظہ کریں یا پھر خود مارکیٹ میں نکلیں تو اور بھی بہت سی گاڑیاں مل جائیں گی۔ بس آپ نے یہ خیال رکھنا ہے کہ جو بھی گاڑی لیں وہ آپ کے قیمتی پیسوں کا حق رکھتی ہو اور آپ کی ضرورت پوری کرسکے۔
یہ مضمون ابتدائی طور پر پاک وہیلز ڈاٹ کام پر شائع ہوا، اور بہ اجازت یہاں دوبارہ شائع کیا گیا ہے.
تبصرے (19) بند ہیں