• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ملک کی پہلی خاتون اسپیکر صوبائی اسمبلی منتخب

شائع December 24, 2015
بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی راحیلہ حمید خان درانی بلا مقابلہ کامیاب ہوئیں —۔فوٹو/ ڈان نیوز اسکرین گریب
بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی راحیلہ حمید خان درانی بلا مقابلہ کامیاب ہوئیں —۔فوٹو/ ڈان نیوز اسکرین گریب

کوئٹہ: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی راحیلہ حمید خان درانی بلامقابلہ بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہو گئیں.

وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے مستعفی ہوتے ہی صوبے میں مری معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پہلے مرحلے میں اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ہوا جس میں راحیلہ حمید خان درانی منتخب ہوئیں، وہ بلوچستان اسمبلی کی 14ویں اسپیکر ہیں۔

اسپیکر کے انتخاب کے لیے مقررہ وقت میں راحیلہ حمید خان درانی کے علاوہ کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) فضل الرحمٰن گروپ کے مفتی گلاب خان نے بھی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے تھے لیکن وہ 30 منٹ تاخیر سے پہنچے، وقت ختم ہونے کے باوجود اپوزیشن ارکان نے اسپیکر سے امیدوار کے لیے کاغذات وصول کرنے پر اصرار کیا، تاہم پریذائیڈنگ افسر آغا لیاقت نے مفتی گلاب کے کاغذات مسترد کر دیئے۔

اسپیکر کا حلف اٹھانے کے بعد راحیلہ حمید خان درانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کو بہت زیادہ عزت دی جاتی ہے اور صوبائی اسممبلی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو برابری اور احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

راحیلہ حمید خان درانی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تاریخ میں بھی پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی صوبائی اسمبلی میں خاتون کو اسپیکر بنایا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جے یو آئی (ف) کے مفتی گلاب خان نے الزام لگایا کہ اسپیکر کا بلامقابلہ انتخاب غیر آئینی ہے۔

مفتی گلاب خان نے مزید کہا کہ انتخاب کے لیے پریذائیڈنگ افسر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا.

خیال رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل پیپلز پارٹی کی حکومت میں 2008 سے 2013 تک فہمیدہ مرزا قومی اسمبلی کی اسپیکر رہ چکی ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر منتخب ہونے والی راحیلہ حمید خان درانی 2002 سے 2007 تک مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی رہ چکی ہیں جبکہ 2013 کے انتخابات سے قبل وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئی تھیں۔

مری معاہدے کے تحت بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ہوں گے، ان کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مالک بلوچ تقریباً ڈھائی سال تک وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائر رہے۔

ڈاکٹر مالک بلوچ کے دور میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں کسی حد تک بہتری آئی اور ناراض بلوچ قیادت سے بات چیت کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024