• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قومی ہاکی چمپیئن شپ میں جدید ٹیکنالوجی متعارف

شائع December 24, 2015
62 ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ کا انعقاد 10 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی
62 ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ کا انعقاد 10 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے 62 ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ میں تھرڈ امپائر ویڈیو ریفریل سسٹم متعارف کروانے کا اعلان کردیا.

سابق اولمپیئن قمر ابراہیم نے چمپیئن شپ کی تفصیلات سے آگا ہ کرتے ہوئے کہا کہ "اس سسٹم کو شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اگر میچوں کے دوران کوئی خامی ہوتواس کو کم سے کم کیا جائے"۔

انھوں نے کہا کہ سسٹم کے باوجود دوامپائرمیچ کا انتظام سنبھالیں گے جو ٹیموں کو منصفانہ فائدہ پہنچانے کے لیے امپائر منیجر کے ساتھ ویڈیو سے منسلک ہوں گے۔

سابق اولمپیئن نے کہا کہ چمپیئن شپ میں اسلام آباد، چاروں صوبوں اور 15 اداروں کی 25 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کا آغاز 10 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیموں کو چار پول میں تقسیم کیا گیا جہاں لیگ میچوں کے بعد ہر پول سے دو دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جائیں گی.

کوارٹر فائنل سے فائنل تک تمام میچ فلڈ لائٹ میں کھیلے جائیں گے اور ٹی وی پر براہ راست نشر بھی کئے جائیں گے۔

قمر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ میں ڈسپلنری کمیٹی جس میں ٹیکنیکل اور امپائر منیجر، چیف سلیکٹر اور ٹورنامنٹ کے چیف کوآرڈینیٹر کو شامل کیا گیا ہے، دلاور بھٹی کو امپائر کا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گولڈ، سلوراور برونز میڈل جیتنے والی ٹیموں کو بھاری انعامات کے علاوہ چمپیئن شپ کا بہترین کھلاڑی، سب سے زیادہ گول کرنے والے اور بہترین گول کیپر کے انعامات بھی دیے جائیں گے تاہم انھوں نے بجٹ کے حوالے سے کچھ کہنے سے انکار کیا۔

قمر کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف نے تمام سابق اولمپیئنز اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں آئیں اور ملک میں کھیل کے فروغ کے لیے اپنے خیالات سے نوازیں۔

انھوں نے سندھ گورنرز الیون اور سندھ وزیراعلیٰ الیون کے درمیان نمائشی میچ منعقد کروانے کا بھی اعلان کیا جس میں سابق مشہور کھلاڑی حصہ لیں گے۔

کراچی میں ہونے والی 62 ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ کے ابتدائی دومیچ اصلاح الدین-ڈاکٹرایم اے شاہ اکیڈمی میں کھیلے جائیں گے۔

سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق گول کیپر اولمپیئن شاہد علی خان نے چمپیئن شپ کا لوگو"پاکستان ہاکی کی واپسی" بھی متعارف کروایا۔

اس موقع پر آرگنائزنگ سیکرٹری محمد فاروق خان، چیف کوآرڈینیٹر کامران اشرف، حال ہی میں تعینات ہونے والے پی ایچ ایف کیمپ آفس کے ڈائرکٹر ایڈمنسٹریشن واثق احمد اور افتخار سید بھی موجود تھے۔

یہ خبر 24 دسمبر 2015 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024