• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈاکٹرعاصم کیس: پولیس رپورٹ مسترد

شائع December 21, 2015 اپ ڈیٹ December 22, 2015

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق تفتیشی افسر کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کیس انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر دو منتقل کردیا.

ڈاکٹر عاصم حسین کو انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے منتظم جج نعمت اللہ پھلپوٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا.

سماعت کے دوران تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین نے عدالت میں رپورٹ پیش کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ڈاکٹر عاصم پر الزامات کے شواہد نہیں ملے.

رپورٹ کے مطابق سابق تفتیشی افسر نے جانبداری کا مظاہرہ کیا. وہ اپنے الزامات کی تائید میں ثبوت پیش نہیں کرسکے، کیس میں حقائق چھپائے گئے اور زمینی حقائق کو مسخ کیا گیا جبکہ سابق تفتیشی افسر اور گواہوں نے بھی تعاون نہیں کیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 497 بی کے تحت جرم ثابت نہ ہونے پر مقدمہ اے کلاس کیا گیا اور ڈاکٹر عاصم کو بری کرنے کا فیصلہ کیا گیا.

واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات پر کراچی کے نارتھ ناظم آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف دہشت گردی سے متعلق ثبوت نہیں ملے.

مزید پڑھیں:'ڈاکٹرعاصم کے خلاف دہشتگردی کے ثبوت نہیں ملے‘

اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عرب مہر نے ڈان کو بتایا تھا کہ ’ہم نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ تحقیقاتی افسر (آئی او) نے مجھے رپورٹ پیش کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو اب تک ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردی سے متعلق ثبوت نہیں ملے ہیں۔ اس لیے ہم ایف آئی آر سے ان الزامات کو نکال رہے ہیں۔‘

دہشت گردی کے الزامات ایف آئی آر سے نکالے جانے کے بعد ڈاکٹر عاصم کو پولیس نے رہا کردیا تھا تاہم نیب نے کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹر عاصم کی تحویل مانگ لی تھی.

آج مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم کے وکیل انور مسعود خان نے عدالت کو بتایا کہ کچھ عناصر انھیں ڈاکٹر عاصم کا کیس لڑنے پر دھمکیاں دے رہے ہیں.

یہ بھی پڑھیں : رینجرز، پولیس کے بعد ڈاکٹر عاصم سے نیب کی تفتیش

دوسری جانب ڈاکٹر عاصم نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ رینجرز نے ہسپتال سے گن پوائنٹ پر ریکارڈ اٹھایا اور ان کے خلاف جعلی ثبوت پیش کیے گئے.

ساتھ ہی انھوں نے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ ہسپتال میں کس ڈاکٹر نے دہشت گردوں کا علاج کیا.

سابق مشیر پیٹرولیم نے کہا کہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے.

میڈیا ٹرائل کا شکوہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا "میں بھی فوجی ہوں اور تضحیک آمیز رویئے پر میرا دل دکھتا ہے."

سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے تفتیشی افسر کی رپورٹ مسترد کردی اور حکم دیا کہ ڈاکٹر عاصم کو حراست میں لے کر انسداد دہشت گردی عدالت نمبر دو میں پیش کیا جائے.

عدالتی فیصلے کے مطابق اب ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن اور دہشت گردی کیسز ایک ساتھ چلیں گے.

مزید پڑھیں : ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین 'زیرِحراست'

یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو رواں برس 26 اگست کو کرپشن اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات کے تحت اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

27 اگست کو رینجرز نے انھیں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا اور ریمانڈ مکمل ہونے پر 25 نومبر کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

پولیس کی تفتیش مکمل ہونے پر نیب نے ڈاکٹر عاصم کو اپنی تحویل میں لے کر 17 دسمبر کو احتساب عدالت سے ان کا دوسری بار 7 روزہ ریمانڈ لیا تھا۔

مزید پڑھیں : ڈاکٹر عاصم کے ریمانڈ میں مزید توسیع

ڈاکٹر عاصم حسین، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی ہیں اور ان کی گرفتاری کو کراچی میں جاری آپریشن کے دوران پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف پہلا بڑا ایکشن قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر عاصم حسین 2009 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے، انھوں نے 2012 تک وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور وزیراعظم کے مشیر برائے پیٹرولیم کے فرائض انجام دیئے

2012 میں وہ سینیٹ سے اس وقت مستعفی ہو گئے تھے جب سپریم کورٹ نے دہری شہریت پر اراکین پارلیمان کو نا اہل قرار دیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کینیڈا کی بھی شہریت تھی۔

پیپلز پارٹی نے 2013 کے عام انتخابات کے بعد انھیں سندھ کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (1) بند ہیں

Haider Shah Dec 21, 2015 06:00pm
I am thinking to write a children's story Called "Cat and Mouse" I have all material from this case:)

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024