لاس ویگاس میں 'چند سیکنڈ' کی مس یونیورس
لاس ویگاس: امریکی شہر لاس ویگاس میں مِس یونیورس مقابلے کی فاتح تو ٹھہریں فلپائنی حسینہ لیکن اس سے پہلے محض چند سیکنڈز کے لیے مس یونیورس کا خطاب 'غلطی سے' مِس کولمبیا کو بھی دے دیا گیا.
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطاق مِس یونیورس کے انتخاب کے لیے منعقدہ تقریب میں فاتح حسینہ کے نام کا اعلان کرتے ہوئے میزبان اسٹیو ہاروے نے غلطی سے مس یونیورس کے طور پر مِس کولمبیا کا نام لے لیا، لیکن فوراً ہی اپنی غلطی سدھاری اور فلپائن کی حسینہ پیا الونزو ورٹزبیج کو حسینہ کائنات (مِس یونیورس) کے خطاب سے نوازا گیا۔
اس طرح مِس کولمبیا آریاڈنا گوٹیئرز آریوالو جہاں اپنا نام سن کر حیران رہ گئیں، وہیں حیران پریشان سی مس فلپائن، گذشتہ برس کی مس یونیورس کے شانہ بشانہ چلتی ہوئی اسٹیج پر آگے آئیں،جنھوں نے اپنا تاج اتار کر مِس فلپائن پیا الونزو ورٹزبیج کو پہنا دیا۔
تقریب کے بعد میزبان ہاروے نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کارڈ کو درست طرح سے نہیں پڑھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی نے بھی مجھ سے زیادہ برا محسوس نہیں کیا ہوگا۔
میزبان ہاروے نے بعد ازاں ٹوئٹر پر اپنی غلطی کی معافی مانگی۔
لیکن یہاں بھی ہاروے سے 'غلطی' ہوگئی اور اپنی ابتدائی ٹوئیٹ میں انھوں نے فلپائن اور کولمبیا کے ناموں کے ہجے غلط لکھ ڈالے، اگرچہ بعد میں اُس ٹوئیٹ کو ہٹا دیا گیا، لیکن ٹوئٹر صارفین کی نظروں سے یہ 'غلطی' بچ نہ پائی اور انھوں نے ہاروے کو آڑے ہاتھوں لیا۔
مس یونیورس مقابلے میں 80 ممالک سے حسیناؤں نے حصہ لیا جن کی عمریں 19 سے 27 برس کے درمیان تھیں۔
یہ تیسری مرتبہ ہے کہ فلپائن کی کسی حسینہ نے مس یونیورس کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.
تبصرے (2) بند ہیں