سانگھڑ: سیاسی جماعتوں میں مسلح تصادم، 4 ہلاک
سانگھڑ: صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سمیت 4 افراد ہلاک، جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ کے کارکنوں کے درمیان اس وقت تصادم ہوا جب دونوں جماعتوں کے کارکن انتخابی ریلی کے دوران سانگھڑ کے رحمانی چوک پر ایک دوسرے کے سامنے آگئے۔
تصادم کے دوران دونوں جماعتوں کے مشتعل کارکنوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی، جس کی زد میں آکر 2 پولیس کانسٹیبلز اور پی پی پی کے مقامی رہنما گل محمد مری سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
عینی شاہدین نے ڈان کو بتایا کہ واقعے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں پیپلز پارٹی کے سابق رکن اسمبلی فدا حسین ڈیرو کے قریبی رشتہ دار بھی شامل ہیں.
یہ بھی پڑھیں : سندھ: سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی
پولیس اہلکاروں کی شناخت عاشق مری اور نبی بخش مری کے ناموں سے ہوئی۔
رحمانی چوک پر پیش آنے والے واقعے کے بعد شہر کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
مشتعل افراد نے شہر کے مختلف علاقوں میں 8 گاڑیوں کو آگ لگادی، جس کے بعد امن و امان کی صورتحال کو قابو کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا۔
مسلح تصادم میں زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپیکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ غلام حیدر جمالی سے رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے کہ سانگھڑ میں 17 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات شیڈول ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سانگھڑ میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔