• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

'چوہدری نثار دھمکیاں نہ دیں'

شائع December 12, 2015
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو—۔ فائل فوٹو/ پی پی آئی
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو—۔ فائل فوٹو/ پی پی آئی

حیدر آباد: سندھ کے مشیرِ اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو کہا ہے کہ وہ دھمکیاں نہ دیں، یہ اچھی بات نہیں ۔

چوہدری نثار نے ہفتہ کو ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کراچی آپرشن کرنے والی فورس سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع میں تاخیر پر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

چوہدری نثار نے کہا تھا کہ صرف ایک شخص کو بچانے کی خاطر معاملات خراب کئے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے خبردار کیا تھا کہ اگر سندھ حکومت میڈیا کے ذریعے رینجرز پر دباؤ ڈالے گی تو ایسی صورت میں جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کے بعد چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر داخلہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر احتیاط سے کام لیں۔

چانڈیو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت توسیع میں رکاوٹ نہیں اور نہ ہی وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ وہ رینجرز کے خلاف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : رینجرز اختیارات کا معاملہ سندھ اسمبلی کے سپرد

ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اقدامات سے امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی لیکن رینجرز کے اختیارات میں توسیع آئینی معاملہ ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وفاقی وزیر داخلہ اپنی پارٹی کا مفاد دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کو حکومت سندھ نے ہی بلایا اور ’ہم نہیں چاہتے کہ کراچی آپریشن کے نتائج متاثر ہوں‘۔

خیال رہے کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع کا معاملہ گزشتہ ایک ہفتے سے تنازع کا شکار ہے۔

مشیر اطلاعات نے چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’آپ نے جو کرنا ہےکریں لیکن رینجرز کو درمیان میں نہ لائیں۔ ہماری رینجرز کو متنازع نہ بنائیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا ’چوہدری صاحب! آپ آپشنز لے آئیں لیکن دھمکائیں نہیں۔ اگر آپ کے پاس ویڈیو ہے تو چلا دیں، ثبوت ہیں تو دکھا دیں‘۔

چانڈیو نے کہا کہ وہ جمہوری لوگ ہیں اور انہوں نے اسمبلیوں کی بحالی کیلیے جیلیں دیکھیں۔’ ہم چاہتے ہیں جمہوریت چلتی رہے، ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024