• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

’تاپی منصوبے سے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز‘

شائع December 12, 2015
وزیر اعظم نواز شریف — فائل فوٹو/ اے ایف پی
وزیر اعظم نواز شریف — فائل فوٹو/ اے ایف پی

اشک آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے خطے کے ممالک کے درمیان توانائی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کو تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ترکمانستان، ہندوستان اور ایران کے درمیان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے خطے میں تیزترین اقتصادی ترقی ہوگی۔

ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے اور ہم علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تاپی گیس منصوبہ 25 سال بعد شروع کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے کے تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔

ترکمانستان سے تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ترکمانستان کی خود مختاری کو سب سے پہلے تسلیم کیا، پاکستان ترکمانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے جبکہ ترکمانستان کے وزیر اعظم غیر جانبداری کے اقدامات پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیر اعظم کی ترکمانستان آمد

اس سے قبل جب وزیر اعظم نواز شریف دو روزہ پر ترکمانستان پہنچے تو میزبان ملک کے نائب وزیر اعظم نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

اپنے دورے کے دوران نواز شریف افغانستان اور ترکمانستان کے صدور اور ہندوستان کے نائب صدر کے ہمراہ ترکمانستان، پاکستان، افغانستان اور ہندوستان گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

منصوبے کے تحت پاکستان ترکمانستان سے ایک ہزار 325 ایم ایم سی ایف ڈی قدرتی گیس حاصل کرسکے گا اور اس منصوبے سے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ترکمانستان سے گیس درآمد کرنے کے منصوبے پر 1990 میں مذاکرات شروع ہوئے، افغانستان میں خانہ جنگی اور دیگر مسائل کے باعث یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا، تاہم 25 سال کی کاوشوں کے بعد بالاخر گیس پائپ لائن کی تعمیر پر 13 دسمبر سے کام شروع ہوجائے گا.

گزشتہ ماہ ترکمانستان کے صدر قربان‌ قلی بردی‌ محمدوف نے بھی اندرون ملک گیس پائپ لائن کی تعمیر کے احکامات جاری کیے تھے۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024