پی ایس ایل نیلامی: 308 کھلاڑی پانچ کیٹیگریز میں تقسیم
لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لینے والے مشہور قومی اور بین الاقوامی سمیت 308 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا، جنہیں پانچ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے.
جمعرات کو پی سی بی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے فرنچائز، نشریات اور اسپانسر کے حقوق کی نیلامی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکی ہے، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے موقع پر پانچوں فرنچائز مالکان اپنے اسکواڈ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔
کھلاڑیوں کے انتخاب میں پی ایس ایل تمام ٹیموں کو ہر کیٹگری سے خاص تعداد میں کھلاڑیوں کو چننے کا برابر موقع دے گی اور ہر ٹیم ڈرافٹنگ کھلاڑی پر برابر رقم خرچ کرے گی جبکہ پانچوں ٹیموں میں ٹاپ کھلاڑی کھیلیں گے۔
پی ایس ایل میں 137 پاکستانی اور 171 غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں ان کھلاڑیوں کو5 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیاہے۔
پی ایس ایل کے حتمی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 21 اور22 دسمبر کو ہوگی۔
پی ایس ایل کے 308 کھلاڑیوں میں137 پاکستانی،انگلینڈ کے 59، ویسٹ انڈیز کے 31، سری لنکا کے 22 اور آسٹریلیا کے 10کھلاڑی شامل ہیں۔
لیگ میں بنگلہ دیش کے10، جنوبی افریقہ7، زمبابوے 6، نیوزی لینڈ کے 5، اسکاٹ لینڈ اور کینیڈا کے دو دو، افغانستان، آئرلینڈ اور امریکا کے تین تین جبکہ متحدہ عرب امارات سے ایک کھلاڑی شامل ہے۔
پی ایس ایل میں شامل مشہور کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، ڈوائن براوو، ڈیرن سیمی، آندرے رسل، ڈوائن اسمتھ اور مارلن سمیولز، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، جیمی اینڈرسن، آئن بیل،آسٹریلیا کے شین واٹسن، بریڈ ہیڈن اور بریٹ لی، سری لنکا کے کمارسنگاکارا، تلکارتنے دلشان، ملینگا، جے وردھنے اورانجیلو متھیوز اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کی تقسیم میں ہر ٹیم کو تین بڑی کیٹگیریز(پلاٹینم، دائمنڈ، گولڈ) میں سے تین کھلاڑیوں کو حاصل کرنا ہوگا جبکہ ابھرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے. ایک ٹیم سلور کیٹگری سے 5 کھلاڑی منتخب کرسکے گی اور ہر ٹیم کم ازکم 4 غیر ملکی کھلاڑی شامل کرےگی۔
پی ایس ایل کا انعقاد 4 فروری سے 23 فروری 2016 تک متحدہ عرب امارات(شارجہ، دبئی) میں ہوگا جس میں مجموعی طورپر 24 میچ کھیلے جائیں گے.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔