پاکستان، انڈیا جامع مذاکرات شروع کرنے پر آمادہ
اسلام آباد: پاکستان اور ہندوستان نے کشمیر سمیت تمام دیرینہ مسائل پر جامع مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ اعلان بدھ کو دونوں ملکوں کی اعلی قیادت کے درمیان بات چیت کے بعد کیا گیا۔
ہارٹ آف ایشیا نامی کانفرنس میں شرکت کیلئے یہاں موجود ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق، دونوں ممالک سیاچن اور سر کریک تنازعات پر بھی مذاکرات کریں گے۔اعلامیہ کے مطابق، دونوں ملکوں نے ہر طرح کی دہشت گردی کی بھی مذمت کی۔
آج سشما سوراج اور نوازشریف کے درمیان خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاک-انڈیا سیریز پر بات نہ ہونا افسوسناک: شہریار
وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز،وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی،قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ سینئر ہندوستانی حکام نے دوران ملاقات سشما سوراج کی معاونت کی۔
سشما نے اگلے سال ستمبر، پاکستان میں متوقع سارک کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت کی بھی تصدیق کی۔ انہوں نے وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز سے بھی ملاقات کی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔