کرکٹ سیریز کا فیصلہ انڈین وزیر خارجہ کے ہاتھوں میں
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ رواں مہینے باہمی سیریز کی قسمت کا فیصلہ انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج کے اسلام آباد دورے کے دوران ہو گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نیوٹرل مقام سری لنکا میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی مختصر سیریز کیلئے انڈین حکومت کی اجازت کے منتظر ہے۔
توقع ہے کہ سشما سوراج ’ہارٹ آف ایشیا ‘ علاقائی کانفرنس میں حصہ لینے کیلئے منگل کو اسلام آباد پہنچیں گی۔
پی سی بی سربراہ شہریار خان نے پیر کو میڈیا سے گفتگو میں بتایا’ہمیں بتایا گیا ہے کہ سشما سوراج کرکٹ پر بات چیت اور سیریز کا فیصلہ کریں گی‘۔
پچھلے کچھ عرصے سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں دونوں جانب ہلاکتوں کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔
ان کشیدہ تعلقات کا اثر کرکٹ تعلقات پر بھی پڑا اور انڈیا نے معاہدے کے باوجود یو اے ای میں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔
بعد ازاں دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک کی کوششوں سے انڈیا نے سری لنکا میں سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی تھی۔
پی سی بی نے سیریز کھیلنے کیلئے حکومت سے اجازت حاصل کر لی لیکن بی سی سی آئی کو تاحال سرکاری این او سی نہیں ملا۔
گزشتہ ہفتے پیر س میں ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان مختصر ملاقات کے بعد شہریار خان نے ایک مرتبہ پھر سیریز کے حوالے سے امید ظاہر کی تھی۔
شہریار کے مطابق، 17 دسمبر سے 3 جنوری تک کھیلی جانے والی ممکنہ سیریز کی آخری لمحات میں تیاری یقیناً ایک مشکل چیلنج ہو گا، ’لیکن ایک مرتبہ انڈین حکومت کی کلیئرنس ملنے کے بعد ہم انتظامات کر لیں گے‘۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔