• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستانی معاشرے پر انٹرنیٹ کے مثبت اثرات

شائع December 7, 2015 اپ ڈیٹ December 8, 2015
ہمارے ملک کے میڈیا کے نزدیک انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا صرف بگاڑ کا سبب ہیں۔ کیا یہ بات درست ہے؟ — رائٹرز
ہمارے ملک کے میڈیا کے نزدیک انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا صرف بگاڑ کا سبب ہیں۔ کیا یہ بات درست ہے؟ — رائٹرز

کسی بھی چیز کے ہمیشہ دو پہلو ہوتے ہیں، مثبت اور منفی۔ اسی طرح انٹرنیٹ کے بھی مثبت اور منفی اثرات ہیں۔ پاکستان کے لوکل میڈیا میں چونکہ منفی خبر ہی خبر کا درجہ رکھتی ہے، اس لیے میڈیا میں انٹرنیٹ کے ’’پاکستانی سوسائٹی پر برے اثرات‘‘ پر کافی کچھ لکھا جاچکا ہے۔ ٹی وی، اخبارات، جرائد میں اکثر اس موضوع پر لمبے چوڑے مضمون شائع ہوتے ہیں اور تا دمِ تحریر یہ سلسلہ جاری ہے۔

عوام کی جانب سےاردو اخبارات میں جو مراسلے شائع ہوتے ہیں، ان میں اکثریت کی رائے میں نوجوان نسل کے خراب ہونے کی واحد وجہ انٹرنیٹ ہے۔ پاکستانی معاشرہ میں نوجوانوں کے بگاڑ میں انٹرنیٹ کا کتنا ہاتھ ہے، اس پر کئی طرح کی آراء موجود ہیں۔ کچھ اس کے حق میں اور کچھ مخالفت میں، یہ شاید کبھی نہ ختم ہونے والی بحث ہے۔

ہم اکثر کسی ایک فرد کے طرزِ عمل کو اس سے منسلک گروپ یا قبیلے کا طرزِ عمل قرار دے دیتے ہیں، جو کہ زیادتی ہے۔ 17 نومبر کو سپریم کورٹ میں ایک ضمانت کے کیس میں جناب جسٹس امیر ہانی مسلم کے ریمارکس کو ایک بڑے اردو اخبار نے اس عنوان کے تحت شائع کیا۔

"فیس بک نے نئی نسل اور معاشرے کو خراب کردیا ہے، سپریم کورٹ"

جبکہ ایک غیر ملکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ’’عدالت کا کہنا تھا کہ فیس بک پر اس طرح کی حرکات نے ہمارے معاشرے اور بالخصوص نوجوان نسل کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔‘‘

اب مجھے نہیں معلوم کہ اصل میں سپریم کورٹ نے کیا ریمارکس دیے تھے، لیکن اگر دیکھا جائے تو ان دونوں ریمارکس سے الگ الگ رائے قائم ہوتی ہے۔ جس شخص تک سپریم کورٹ کے یہ ریمارکس پہنچیں گے کہ

’’فیس بک نے نئی نسل اور معاشرے کو خراب کر دیا ہے، سپریم کورٹ‘‘

وہ قصوروار فیس بک، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کو سمجھے گا۔

اور دوسرے ریمارکس کا مطالعہ کرنے والا شخص انٹرنیٹ/سوشل میڈیا کے بجائے قصوروار اس ایک فرد کو قرار دے گا۔

میرے خیال میں انٹرنیٹ کے بارے میں یک طرفہ رپورٹنگ ہورہی ہے اور دوسری طرف کا نقطہ نظر پیش نہیں ہورہا۔ اس لیے آج میں نے کوشش کی ہے کہ اپنے اس مضمون انٹرنیٹ کے ان مثبت اثرات کا سرسری جائزہ پیش کروں جو ہماری، انفرادی اور اجتماعی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں۔

سال 2002 میں جنرل مشرف کے دورِ حکومت میں انٹرنیٹ سستا ہوا، اور جس سے اس کے استعمال کنندگان کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ انٹرنیٹ فراہم کرنی والی کمپنیز کی ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر جاری شدہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2014 کے اکتوبر تک پاکستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ افراد انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں۔

سوچنے سمجھنے کی صلاحیت پر اثرات:

ہماری سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اس وقت بہتر ہوتی ہے جب ہمیں بہتر معلومات میسر آئیں۔ انٹرنیٹ کی وجہ سے ہماری سوچنے سمجھنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں میں بہت بہتری آئی ہے۔ آپ ذرا تصور کریں کہ انٹرنیٹ سے پہلے آپ کسی حساس موضوع، مثلاً کسی مذہبی عقیدے یا سیاسی نظریے کا مطالعہ کرنا چاہتے تھے، تو کیا یہ ممکن تھا؟ کیا آپ اپنے گھر میں اپنے والدین، رشتہ داروں، بیوی، شوہر کے سامنے دوسرے اور مخالف عقیدہ کی کتب کا مطالعہ کر سکتے تھے؟ میرا ذاتی خیال ہے کہ پاکستانیوں کی اکثریت کے لیے یہ ممکن نہیں تھا۔

قیامِ پاکستان سے پہلے انگریز دورِ حکومت میں جرمنی کے ریڈیو سننے پر سزا ملتی تھی۔ جنرل ضیاء صاحب کے دورِ حکومت میں وی سی آر پر فلم دیکھنا جرم تھا۔ آج بھی پاکستان میں کیبل وغیرہ پر ’’دشمن ملک‘‘ کے ٹی وی کی نیوز چلانا جرم ہے۔ اس طرح کے اقدمات سے لازمی ہماری فیصلہ سازی کی صلاحیت پر اثر پڑتا ہے۔ انٹرنیٹ کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں رائج تصورات، اقدار، خیالات، اور روایات میں آہستہ آہستہ تبدیلی آرہی ہے۔

تعلیمی میدان پر اثرات:

پاکستانی معاشرے پر تعلیمی میدان میں انٹرنیٹ کے بہت سے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ درس و تدریس سے منسلک افراد کی بہت سی مشکلات تھیں جو انٹرنیٹ کی وجہ سے حل ہو گئیں، جن میں الیکٹرونک لائبریری، آن لائن ای بکس، اور مختلف تعلیمی موضوعات پر آڈیو، ویڈیو لیکچرز تک گھر بیٹھے رسائی ممکن ہوئی۔ اس کے علاوہ کئی پاکستانی نوجوانوں نے ذاتی کوششوں سے تعلیمی ویب سائٹس قائم کیں جن پر طلبہ و طالبات کو مختلف تعلیمی نوٹس، سابقہ پرچے، تعلیمی اعلانات اور گفتگو کرنے کا مواقع مل رہا ہے۔

مذہبی مسائل کو سمجھنے میں مدد ملی ہے:

ہمیں اس بات کو تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہونی چاہیے کہ ہمارے معاشرے میں فرقہ واریت موجود ہے (خیال رہے کہ یہاں فرقہ واریت سے میری مراد صرف مسلم فرقوں کے درمیان اختلافات نہیں، بلکہ ہر طرح کی مذہبی سوچ/نظریات کے حامل افراد کے درمیان اختلاف ہے)۔

بدقسمتی سے ہمیں اپنے فرقے کی اچھی باتوں کی تربیت کم اور دوسرے فرقہ کی "غلطیوں" کا سبق پہلے دن سے اچھی طرح یاد کروایا جاتا ہے۔ انٹرنیٹ کے آنے سے پہلے تک ہماری حالت کنویں کے مینڈک کی طرح تھی، ہمارے مذہبی رہنما خود ہی دوسرے فرقے پر سوال کرتے اور خود ہی جواب دیتے تھے، اور عوام کی اکثریت بغیر تحقیق کے ان الزامات/باتوں پر یقین کرتی ہے۔ لیکن اب انٹرنیٹ (خاص طور پر سوشل میڈیا) کی وجہ سے ہمیں دونوں طرف کا مؤقف سننے اور پڑھنے کا موقع مل رہا ہے، جس سے میرے خیال میں فرقہ وارانہ نفرت میں کمی ہو رہی ہے۔ لوگوں کو سمجھ آ رہی ہے کہ غلطیاں صرف دوسرے میں ہی موجود نہیں، بلکہ اپنی طرف بھی اصلاح کی ضرورت ہے۔

نئے طرز کے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے:

پوری دنیا کی طرح پاکستانی معاشرے میں بھی ’’ہوم آفس‘‘ کا رواج شروع ہوا جو اپنی طرز کا انتہائی منفرد کام ہے۔ تیسری دنیا کے بہت سے ممالک کی طرح بہت سے پاکستانی لڑکے لڑکیاں گھر بیٹھ کر آن لائن خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ جس میں آن لائن جاب، قرآن پڑھنا، ٹیوشن پڑھنا، گیمز کی تیاری، سوفٹ ویئر اور ویب سائٹس کی تیاری، درستگی اور پڑتال کا کام، مختلف زبانوں کے ترجمے، ٹائپنگ کا کام، آن لائن اشتہاری صنعت، سوفٹ ویئر کی ویڈیو ٹریننگ، شاپنگ ویب سائٹس کے ذریعے اپنا ذاتی کام شامل ہے اور وہ بھی بغیر لوکل آفس کے، جس سے نہ صرف ان پاکستانیوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا، بلکہ ملک کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی فنون لطیفہ پر اثرات:

جمالیاتی حس رکھنے والے آرٹسٹ کو سب سے بڑی چیز جو درکار ہوتی ہے، وہ لوگوں کی جانب سے ان کے کام کی تعریف ہے۔ انٹرنیٹ کی وجہ سے نئے لوگوں کو اپنے اندر کے جوہر دیکھنے کے مواقع مل رہے ہیں، جس سے انہیں مزید کام کرنے اور اپنے موجودہ کام میں نکھار لانے میں مدد مل رہی ہے۔

چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں رہنے والے نئے لکھنے والوں، ادیبوں، تقریر کرنے والوں، شاعروں، آرٹ اور مصوری کرنے آرٹسٹس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انٹرنیٹ پر لوگ محدود وسائل سے اچھی شارٹ فلمیں تیار کر رہے ہیں، جس سے وہ بہت جلدی شہرت حاصل کر رہے ہیں۔

ذرا تصور کریں کہ ایک چھوٹے شہر میں ایک قابل مگر مالی طور پر کمزور آرٹسٹ کا۔ اگر وہ اپنے کام کی نمائش کرنا چاہے تو اس کو کسی قریبی بڑے شہر کے صدر مقام پر کسی گیلری میں نمائش کا اہتمام کرنا ہوگا، جس کے اخراجات ہزاروں سے لاکھوں روپے تک ہوتے ہیں۔ جبکہ عموماً فن کاروں کے پاس پیسے نہیں ہوتے، کیونکہ فن کار ہمیشہ آزاد ہوتا ہے، جبکہ پیسے کمانے کے لیے لازمی ہے کہ آپ ’’حدود کا خیال‘‘ یعنی دوسرے لفظوں میں ’’قید ہو‘‘۔

مقابلے میں اضافہ:

اس سے ٹی وی اور اخبارات کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ آج کا دور جس کو انفارمیشن ایج بھی کہا جاتا ہے، اس میں اخبارات، ریڈیو، ٹی وی کی طرح انٹرنیٹ بھی ایک میڈیا ہے جس کو اصطلاحاً ’’سائبر میڈیا‘‘ کہتے ہیں۔ پہلے ریاستی اور غیر ریاستی عناصر (معاشرے میں موجود مختلف طرح کے پریشر گروپس) بڑی آسانی سے اپنے خلاف خبر کو نشر ہونے سے روک لینے کی طاقت رکھتے تھے۔

ماضی میں بدقسمتی سے پاکستان میں اس ’’طاقت‘‘ کا بھرپور استعمال کیا بھی گیا، لیکن ’’سائبر میڈیا‘‘ سے مقابلے کی وجہ سے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور ان پر دباؤ کم ہوا۔ شاید آپ میری رائے سے اتفاق کریں گے کہ اگر ’’سائبر میڈیا‘‘ کا وجود نہ ہوتا تو بڑے بڑے واقعات جیسے میاں شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے بیکری ملازم پر تشدد کی خبر پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر کبھی شائع نہ ہوتی، جبکہ یہ خبر الیکٹرونک/پرنٹ میڈیا پر نشر ہونے سے پہلے لاکھوں لوگوں تک پہنچ چکی تھی۔

ڈر اور خوف پیدا کرنے والے پریشر گروپس پر اثرات:

پاکستانی معاشرے میں لوگوں میں ڈر اور خوف پیدا کر کے خود کو نمایاں کرنے والے پریشر گروپس کی تعداد کافی زیادہ تھی، جن میں سے کئی کو سیاسی جماعتوں اور دیگر فریقوں کی جانب سے مدد بھی حاصل تھی۔ پاکستان کی سول سوسائٹی اور روایتی میڈیا ان کے خلاف آواز بلند نہیں کر سکتا تھا۔ جبکہ سیاسی جماعتیں اور کچھ ریاستی ادارے ان کو اپنے مقصد کے لیے آسانی سے استعمال کرتے تھے۔

روایتی میڈیا خوف یا لالچ کی وجہ سے رائے عامہ کی درست تصویر نہیں دکھا سکتا تھا، جس کی وجہ سے ان پریشر گروپس کا کاروبار کافی کامیابی سے چلتا رہا، لیکن سوشل میڈیا کی وجہ سے زیادہ بہتر مؤثر رائے عامہ کا علم ہوا ہے۔

انٹرنیٹ ہماری سوسائٹی کے خوشحال طبقہ میں زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے۔ جس دن بھی حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی آئی اور اس کو سستا کردیا گیا، اس کے استعمال کنندگان کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوجائے گا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق آئندہ چند برسوں میں اس کا استعمال مزید عام ہوگا اور روز مرہ کی زندگی میں انٹرنیٹ کا عمل دخل بہت زیادہ ہوگا۔ تیز رفتار ٹیکنالوجی کی وجہ سے یہ ٹی وی کے ساتھ منسلک ہو رہا ہے جس سے یہ ہمارے روزمرہ زندگی کا لازمی جزو بن جائے گا۔

اس لیے اشد ضروری ہے کہ ہم دوبارہ انٹرنیٹ کے منفی اور مثبت پہلوؤں کا جائزہ لیں، تاکہ ہم انٹرنیٹ کے منفی اثرات سے اپنے گھر اور معاشرے کو محفوظ رکھ سکیں، اور انٹرنیٹ کے مثبت استعمال کو بڑھا کر اپنی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر سکیں کیونکہ کوئی چیز اچھی یا بری نہیں ہوتی، صرف نیت اچھی یا بری ہوتی ہے۔

حسن اکبر

حسن اکبر لاہور کی آئی ٹی فرم ہائی راک سم میں مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔ شخصیت میں بہتری کا جذبہ پیدا کرنے والی کتب کا مطالعہ شوق سے کرتے ہیں۔ ان کے مزید مضامین ان کی ویب سائٹ حسن اکبر ڈاٹ کام پر پڑھے جا سکتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (10) بند ہیں

عبدالرزاق قادری Dec 07, 2015 09:50pm
حسن امتیاز! آپ نے گزشتہ کی طرح یہ مضمون بھی اچھے سے ترتیب دیا ہے۔ میں نے پہلے بھی آپ کے کئی ایک مضامین دیکھے ہیں۔ اس آرٹیکل کا عنوان ہی اتنا جاندار ہے کہ قاری کو اپنی جانب کھینچ لاتا ہے۔ اس میں مثبت پہلو اجاگر کیے گئے ہیں جو کہ ایک اچھا اقدام ہے ۔ بالکل اسی طرز کی ایک تحریر کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی تھی، مجھے امید ہے کہ اب دیگر لکھاری بھی انٹرنیٹ کے ان مثبت زاویوں کو نکھار کر سامنے لائیں گے۔ بہرحال آپ نے ایک اچھے سلسلے میں پہل کرکے طرح ڈال دی ہے
akbar ali Dec 07, 2015 10:16pm
@عبدالرزاق قادری : اچھا ہے لیکن جو انٹرنیٹ کے مخالف ہیں۔ ان کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
akbar ali Dec 07, 2015 10:17pm
پریشر گروپس میں کمی والی بات سے مجھے اختلاف ہے ۔ میرے نہیں خیال اس پر کوئی اثر پڑا ہے ۔
عبدالرزاق قادری Dec 07, 2015 10:24pm
@akbar ali جو لوگ بڑی تعداد میں مثبت سرگرمیوں میں مگن ہیں، ان کی تو حوصلہ افزائی کی ہے حسن امتیاز نے! بلکہ ان کے دل کی آواز بیان کی ہے، عین ممکن ہے کہ یہ ایک ہوا چل نکلے اور قوم کو فائدہ دے
Abdullah Dec 08, 2015 02:30pm
اس کے برے اثر ات زیادہ ہیں۔ جب کہ اچھی اثرات نا ہونے کے برابر ہیں۔ میرے نہیں خیال انٹرنیٹ کو ہمارے معاشرے کا حصہ ہونا چاہے ۔ ہاں دفتری استعمال کے لئے ٹھیک ہے
[email protected] Dec 08, 2015 02:53pm
As a general trend in many conservatives societies change from the routine is not accepted immediately. It very gradually grows on our system and then becomes part of us and, by the time it becomes acceptable part a new thing comes up and the usual reaction of society starts up all over again. In progressive societies change is welcome and always positive aspects are given prominence. Our society is deeply conservative and does not accept change quickly. It takes decades to accept a new concepts. As a result this trend we are underdeveloped, and lag behind in every race of life. This trend needs to be changed. I think internet is a very strong tool , if it is kept free of various pressure groups, and used in a positive way for our personal and collective improvement in various fields. Internet certainly has more positive things about it. Let us break the trend of always looking at the negative aspects of things. Positivism brings individual and collective improvement to the society
Ashian Ali Malik Dec 08, 2015 04:02pm
بہت خوبصورت تحریر ہے آپ کی ۔ اور یہ موضوع بھی آج کے دور کے اعتبار سب سے اہم موضوع ہے۔ انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کو اخلاقی بربادی اور کافروں کی سازش قرار دینے والے افراد اور عناصر نے اس نعمت کے خلاف جتنی زبان درازی کرنی تھی کر چکے۔ اب تو سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ کے مخالفین اپنے روزگار کو تباہی سے بچانے اور کاروبار کے فروغ کے لیے خود سوشل میڈیا پر موجود ہیں ۔ چھاپہ خانہ، فوٹو، وڈیو، ٹی وی، سپیکر، پکی عمارتوں، ٹریکٹر اور تمام سائنسی ایجادات کی مخالفت میں فتوے لگانے والوں کی باقیات اور ان کے پیرکار سب سوشل میڈیا پر اپنے نظریات کا پرچار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے تمام افراد سوشل میدیا سے لطف اندوز بھی ہو رہے ہیں اور تنقید بھی کر رہے ہیں۔
عادل شیخ Dec 08, 2015 08:25pm
بہت اچھا مقالہ ہے۔ غالبا انٹرنیٹ کو حکومت کی مدد کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ مفت انٹرنیٹ سب کو دستیاب ہو گا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو اچھے طور پر اپنایا جائے۔ شکریہ
ali Dec 09, 2015 09:37am
Your way of discussion as well as amelioration of internet utilitarian is capable of admiration. It depends of user how to use it. As u said, it has two perspectives as positive and negative. Well written keep it up dear.....
نجیب احمد سنگھیڑہ Dec 09, 2015 08:32pm
انٹرنیٹ کا پاکستانی معاشرہ پر شدید برا اثر پڑ رہا ہے۔ طلباء و طالبات، صحافی و بلاگر ۔۔۔۔۔ کے ہاتھ سے کتاب چھن چکی ہے بوجہ انٹرنیٹ۔ کتاب کا نعم البدل انٹرنیٹ تاقیامت نہیں بن سکتا۔ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ یا دیگر الا بلا سائنسی آلات کو کتاب کی طرح استعمال نہیں کیا جا سکتا کیونکہ آلات میں ڈاؤن لوڈ بُکس کو کمپیوٹر میں پڑھنا دشوار ترین کام ہے اور اس کے نظر اور دماغ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں بوجہ شعاعیں وغیرہ وغیرہ۔ جب کتاب کو ہاتھ سے کھینچ لیا جاتا ہے اور زیادہ وقت کیبورڈ پر انگلیاں گھمانے پر صرف کیا جاتا ہے تو آخر کار اہلیت اور قابلیت پیدا نہیں ہوتی۔ انٹرنیٹ کی بھی سرکاری چھٹیاں ہونی چاہیں جیسے اتوار کو ہوتی ہے۔ اس بارے ایک ماہ انٹرنیٹ آن اور دوسرے ماہ انٹرنیٹ بین کا فارمولا معاشرہ کو وگڑنے سے بچا سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024