'انگلینڈ لائنز کے خلاف نتائج اچھے ہوں گے'
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر اور موجودہ اے ٹیم کے ہیڈ کوچ توصیف احمد نے انگلینڈ لائنز کے خلاف سیریز میں بہترین نتائج کی توقع ظاہر کی ہے۔
ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے توصیف احمد کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے ٹیم کو بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ حاصل ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ"ہم صرف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے جارہے ہیں تاہم میرے خیال میں ٹیم میں شامل کچھ نوجوان کھلاڑیوں کو اس سے بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ ہوگا جو مستقبل میں کام آئے گا"۔
توصیف کا کہنا تھا کہ نتائج کچھ بھی ہوں مگر کھلاڑیوں کو ان میچوں سے حاصل ہونے والا تجربہ فائدہ مند ہوگا۔
توصیف نے اے ٹیم انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی وائٹ واش شکست کے داغ کو دھونے کے لیے اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان کی جانب 34 ٹیسٹ میچوں میں 94 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق اسپنر توصیف کا کہنا تھا کہ "پاکستان کو تینوں میچوں میں شکست سے ہم سب کے دل دکھے،اب اے ٹیم کے کاندھوں پر ذمہ داری ہے کہ پاکستانی شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں لائے'.
توصیف احمد نے کہا کہ اگرچہ ٹیم کے کپتان جیند خان واحد ٹیسٹ کھلاڑی ہیں لیکن نائب کپتان صہیب مقصود، شاہ زیب حسن، شرجیل خان، بابراعظم، افتخار احمد، سعد نسیم، بلال آصف اور عامر یامین کو بھی بین الاقوامی کرکٹ کا تجرہہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "ٹیم میں شامل سیف اللہ اور نواز کوانڈر 19 میں بہت زیادہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے اس لئے انگلینڈ لائنز کو چیلنج کرنے کے لیے ٹیم میں صلاحیت ہے اور میں ان لڑکوں سے پرامید ہوں کہ آنے والے دنوں میں یہ پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہوں گے"۔
یاد رہے کہ انگلینڈ لائنز کی قیادت ہمپشائر کاؤنٹی کے بلے باز جیمز ونس کررہے ہیں جنھوں نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ڈیبو سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
انگلینڈ لائنز کی ٹیم میں ونس، وکٹ کیپر بلے باز سیم بلنگز، فاسٹ باؤلراسٹیفن پیری اور ریس ٹوپلی جیسے چار کھلاڑی شامل ہیں جو پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے والی انگلینڈ ٹیم کا حصہ تھے۔
سیریز کے لیے دونوں ٹیمییں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان 'اے': جنید خان (کپتان)، صہیب مقصود،(نائب کپتان)، شاہ زیب حسن، شرجیل خان، محمد نواز، افتخاراحمد، بابراعظم، فخر زمان، بلال آصف، سیف اللہ خان بنگش، عامر یامین، کاشف بھٹی، سعد نسیم، میرحمزہ، رومان رئیس خان، ضیا الحق۔
انگلینڈ لائنز: جیمز وینس(کپتان)، جیک بال، ڈینیل بیل، سیم بلنگز، ڈینی بریگز، جو کلارک، ٹام کوران، لیام ڈاؤسن، بین فوکس، جیمی اورٹن، ڈیوڈ میلان، ٹیمال ملز، اسٹیفن پیری، ریس ٹاپلی، ٹم ویسلے، روس وائٹلے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 7 دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا میچ 10 دسمبر، تیسرا 11 دسمبر، چوتھا 13 جبکہ پانچواں اور آخری میچ 16 دسمبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔
یہ خبر 7 دسمبر کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی.