• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

'تاشفین ملک الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تعلیم رہیں'

شائع December 7, 2015
تاشفین ملک—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
تاشفین ملک—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

ملتان: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں معذوروں کے سینٹر پر فائرنگ میں ملوث خاتون تاشفین ملک کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ پاکستان میں خواتین کے ایک ہائی پروفائل مدرسے الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تعلیم رہیں.

فرانس کے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک خاتون استاد کے حوالے سے بتایا ہے کہ 29 سالہ تاشفین ملک نے ملتان میں الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم حاصل کی.

مذکورہ استاد جنھوں نے اپنا نام مقدس بتایا، کا کہنا تھا کہ الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے امریکا، متحدہ عرب امارات، ہندوستان اور برطانیہ میں بھی دفاتر موجود ہیں اور یہ اُن خواتین کو تعلیمی سہولیات فراہم کرتا ہے جو اسلام کے قریب آنے کی خواہش رکھتی ہوں.

مزید پڑھیں: امریکا فائرنگ : 'حملہ آور خاتون پاکستانی تھی'

مقدس نے بتایا، "کورس 2 سال کا تھا لیکن تاشفین نے اسے مکمل نہیں کیا".

ان کا مزید کہنا تھا، "وہ ایک اچھی لڑکی تھی، مجھے نہیں معلوم انھوں نے کیوں انسٹی ٹیوٹ چھوڑا اور ان کے ساتھ کیا ہوا".

تاہم مذکورہ استاد نے یہ نہیں بتایا کہ تاشفین نے انسٹی ٹیوٹ میں کب داخلہ لیا، لیکن ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں ان کے ساتھی طلباء کے مطابق تاشفین نے یونیورسٹی ختم ہونے کے بعد وہاں داخلہ لیا، جبکہ یونیورسٹی میں وہ 2007 سے 2013 تک زیر تعلیم رہیں.

اے ایف پی کے مطابق اکیڈمی انتظامیہ کی ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو تاشفین کے یہاں زیر تعلیم رہنے کی تصدیق کرسکتی ہیں اور نہ ہی تردید اور وہ اس معاملے پر مینیجمنٹ سے بات کریں گی.

تاہم ان کا کہنا تھا کہ "کیلیفورنیا واقعے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اور ہم طالب علموں کے ذاتی اقدامات کے ذمہ دار نہیں ہیں."

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سان برنارڈینو میں واقع معذوروں کے سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث دو مشتبہ افراد 28 سالہ رضوان فاروق اور ان کی 27 سالہ اہلیہ تاشفین ملک کو کئی گھنٹوں کے آپریشن کے بعد ہلاک کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا فائرنگ:’حملہ آور کا دہشت گردوں سے مبینہ تعلق‘

بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ رضوان فاروق امریکی شہری تھے جبکہ تاشفین ملک ’کے۔ ون‘ ویزے پر امریکا آئیں۔

ایف بی آئی کی واقعے کے حوالے سے تحقیقات میں یہ بھی واضح ہوا کہ دونوں میاں بیوی شدت پسندی کی جانب مائل تھے اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے شدت پسندوں سے رابطے بھی تھے۔

'تاشفین سعودی عرب سے امریکا گئیں'

وزیرداخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاشفین ملک کے حوالے سے بتایا کہ ان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا تاہم وہ کئی برس پہلے ہی سعودی عرب چلی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاشفین کی شادی بھی سعودی عرب میں ہوئی اور وہیں سے وہ امریکا گئیں۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Ashian Ali Malik Dec 07, 2015 03:42pm
دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں بنیادی جراثیم پاکستان سے ہی جاتے ہیں !
akbar ali Dec 07, 2015 10:24pm
تاشفین ملک پانی پیتی تھی ۔ تاشفین ملک سانس لیتی تھی۔ تو کیا سب پانی پینے والے اور سانس لینے دہشت گرد ہیں۔ اس ہی طرح ایک مرد/عورت کے ذاتی فعل کو اسلام کے ساتھ جوڑا اچھا کام نہیں

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024