امیتابھ ٹینس ٹیم کے شریک-مالک بن گئے
میگا سٹار امیتابھ بچن انٹرنیشنل پریمئر ٹینس لیگ (آئی پی ٹی ایل) کی ٹیم سنگاپور سلیمرز کے شریک –مالک بن گئے۔
سنگاپور سلیمرز نے ایک بیان میں کہا کہ گلوبل سینما کے سب سے مشہور سٹارز میں سے ایک امیتابھ بچن نے آج ٹیم کے شریک مالک ہونے کا اعلان کیا ہے۔
مقامی کمپنی یو ڈی گروپ نے رواں برس کے اوائل میں یہ ٹیم خریدی تھی اور اب بولی وڈ سٹار بھی اس کا حصہ بن چکے ہیں۔
امیتابھ 20 دسمبر کو رواں سیزن کے آخری دن سنگاپور انڈور سٹیڈیم کے کورٹ میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔
سنگاپور سلیمرز آئی پی ٹی ایل کے دوسرے ایڈیشن میں حصہ لینے والی پانچ ٹیموں میں شامل ہے۔
امیتابھ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ انتہائی مصروف شیڈول کی وجہ سے صرف ایک دن کیلئے سنگاپور جائیں گے۔ تاہم، وہ پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم فائنل کھیلے گی۔
’میں اپنی ٹیم سے ملنے کیلئے بے تاب ہوں۔ میں اپنے اور ٹینس کے مداحوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور میرے ساتھ سنگاپور انڈور سٹیڈیم میں ایک دن گزاریں‘۔
آئی پی ٹی ایل میں شامل باقی چار ٹیموں میں یو اے ای رائلز، انڈین ایسز، فلپائن میورکس اور نئی ٹیم جاپان واریرز شامل ہیں۔ اس لیگ میں دنیا کے 35 بہترین ٹینس سٹار تین دن تک ایکشن میں دکھائی دیں گے۔