خفیہ ملاقات: 'نواز- مودی بزدل ہیں'
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے گذشتہ برس کھٹمنڈو میں وزیراعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کی 'خفیہ ملاقات' کی خبروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو 'بزدل' کہہ ڈالا.
لاہور میں منعقدہ لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا، "رہنماؤں کو خفیہ ملاقاتوں کی ضرورت نہیں ہوتی. انھیں جھوٹ بولنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ لیڈر بننے کے لیے نظریے اور جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے اور لیڈر اپنا نظریہ عوام تک لے کر جاتا ہے."
عمران خان کا کہنا تھا، "لیڈر بزدل نہیں ہوتا، لیڈر دلیر ہوتا ہے".
یاد رہے کہ ہندوستانی صحافی برکھا دت نے اپنی کتاب ’دِز یونیک لینڈ‘ میں انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ سال سارک سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور نریندرا مودی کے درمیان ایک گھنٹہ طویل خفیہ ملاقات ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں:نواز-مودی کی نیپال میں خفیہ ملاقات: رپورٹ
برکھا دت کے مطابق ’ایک سال قبل لوگوں نے صرف ایک تیزی سے ہوتا ہوا مصافحہ دیکھا تھا تاہم ٹی وی کے کیمرے کی آنکھ سے دور دونوں کے درمیان ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی تھی۔‘
تاہم پاکستانی اور ہندوستانی حکومتیں اپنے آفیشل بیان کے ذریعے ان خبروں کو 'بے بنیاد' قرار دے کر تردید کرچکی ہیں.
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ برصغیر میں سب سے زیادہ غربت ہے اور پاکستان کی آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسرکررہی ہے. غربت ختم کرنے کے لیے امن و امان قائم کرنا ضروری ہے.
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ جنوبی افریقا کے نیلسن منڈیلا کو بڑا لیڈر سمجھتے ہیں کیونکہ انھوں نے اپنی لیڈر شپ کی وجہ سے جنوبی افریقا کو بچایا.
تبصرے (1) بند ہیں