پیرس آپریشن:خاتون کےخودکش حملے میں 2ہلاک
پیرس: فرانس کے درالحکومت میں پیرس حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور دیگر مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے کیے جانے والے پولیس آپریشن کے دوران خاتون بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 2 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 5 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا.
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس آپریشن پیرس کے شمالی مضافاتی علاقے سینٹ ڈینس میں کیا گیا جس میں فوج کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا، اسی علاقے میں جمعہ کو حملے کا نشانہ بننے والا فٹبال اسٹیڈیم ’اسٹیڈ دی فرانس‘ بھی واقع ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے شروع کیا گیا۔
پیرس کے مضافاتی علاقے میں پولیس آپریشن پیرس حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ عبد الحامد اباعود اور دیگر مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اپارٹمنٹ میں کیا گیا۔
یہ پڑھیں : پیرس میں 6 مقامات پر حملے، 129 افراد ہلاک
آپریشن کے دوران مشتبہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے.
سینٹ ڈینس کے نائب میئر اسٹیفن پیو نے مقامی آبادی کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فرانس کے مسافر طیاروں میں 'بم' کی افواہ
اس سے قبل فرانس کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پیرس حملے کی ویڈیو فوٹیج سے حملوں میں ممکنہ طور پر ملوث نویں حملہ آور کی نشاندہی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو پیرس کے 6 مقامات پر دہشت گردوں کے خونریز حملوں میں 129 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے 3 ٹیموں میں تقسیم ہو کر حملہ کرنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔