مچل اسٹارک کی 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند
کراچی: آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرانے والے باؤلرز کی صف میں شامل ہو گئے۔
اتوار کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اسٹارک نے شاندار اسپیل کراتے ہوئے بہترین فاسٹ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔
اس دوران انہوں نے روس ٹیلر کو ایک گیند کرائی جو سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ تیز تھی اور میٹر پر اس کی اسپیڈ 160.4 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی, یہ پرتھ میں اب تک کی گئی سب سے تیز گیند ہے۔
اس اسپیل کے دوران انہوں نے مزید کئی تیز ترین گیندیں کرائیں اور اس وجہ سے ان کی گیند پر نکلنے والے دو اہم کیچز کو فیلڈرز تھامنے میں ناکام رہے۔
اس شاندار اسپیل سے قطع نظر روس ٹیلر اور کین ولیمسن کی ذمے دارانہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پرتھ ٹیسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے چھ وکٹ پر 510 رنز بنا لیے ہیں اور اسے آسٹریلیا کا پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید محض رنز درکار ہیں۔
ولیمسن نے 166 رنز بنائے جبکہ روس ٹیلر 235 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
شعیب اختر ابھی تک تیز ترین فاسٹ باؤلر
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی فاسٹ باؤلر نے تیز ترین گیند کرائی ہو بلکہ ابھی تک تیز ترین گیند کرانے کا ریکارڈ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے پاس ہے جنہوں نے 2003 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف گروپ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے تیز ترین گیند کرائی۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا کے بریٹ لی اور شان ٹیٹ بھی سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز گیند کر چکے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں