عمران- ریحام طلاق کی وجہ 'کالا جادو'
لندن، اسلام آباد : ریحام خان نے اپنے سابق شوہر عمران خان سے طلاق کی وجہ 'کالے جادو' کو قرار دے کر ایک نئی بحث کا آغاز کردیا.
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "ابلیس (شیطان) نے لوگوں کو کالا جادو سکھایا تاکہ شوہر اور بیوی میں علیحدگی کراسکے۔"
گذشتہ ماہ 30 اکتوبر کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ریحام خان کی طلاق کی خبریں تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کی زبانی میڈیا پر آئیں، جس کی بعد میں سابق جوڑے کی جانب سے بھی ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے تصدیق کردی گئی۔
مزید پڑھیں:عمران خان اور ریحام میں طلاق ہوگئی
عمران اور ریحام میں طلاق کیوں ہوئی؟ اس معاملے پر گویا ایک پنڈورا بکس کھل گیا، کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ "ریحام خان سیاست میں آنا چاہتی تھیں، تاہم عمران خان ایسا نہیں چاہتے تھے جبکہ ریحام خان گھر میں نہیں بیٹھنا چاہتی تھیں".
دوسری جانب اس جانب بھی اشارہ کیا جارہا تھا کہ دونوں کی طلاق کی وجہ عمران خان کی بہنیں تھیں، جو شروع سے ہی اس رشتے پر کچھ زیادہ خوش نہیں تھیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بہنیں اور اہلخانہ ریحام سے ان کی شادی سے لاعلم تھیں، چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بھائی کی شادی کی اطلاع بھی میڈیا کے ذریعے ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی طلاق کو برا کیوں سمجھتے ہیں؟
جبکہ کچھ لوگوں نے اپنی توپوں کا رخ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی طرف کیا اور انھیں طلاق کی وجہ قرار دیا، جس پر جہانگیر ترین کو یہ بیان دینا پڑا کہ ان کا طلاق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
خیر جتنے منہ اتنی باتیں۔۔! لیکن اب ریحام نے 'کالے جادو' کی طرف اشارہ کرکے اس معاملے کو نیا رخ دینے کی کوشش کی ہے، اب دیکھیے معاملات کیا رخ اختیار کرتے ہیں۔