• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ: معمر فلسطینی خاتون ہلاک

شائع November 7, 2015
— فائل فوٹو/ اے ایف پی
— فائل فوٹو/ اے ایف پی

یروشلم: اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے مزید دو نہتے فلسطینیوں کو قتل کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ایک معمر خاتون کو فلسطین کے مغربی کنارے جبکہ ایک شخص کو غزہ میں قتل کیا۔

اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 72 سالہ فلسطینی خاتون نے حبرون کے علاقے میں اپنی کار کو اسرائیلی فورسز پر چھڑھانے کی کوشش کی، خاتون کو روکنے کے لیے اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی جس سے معمر خاتون زخمی ہوگئی۔

زخمی فلسطینی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ :13 سالہ فلسطینی ہلاک

دوسرے نہتے فلسطینی شہری کی موت کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہونے والے ایک مظاہرے میں شریک مظاہرین کو آگئے آنے سے روکنے کے لئے خبرداد کرتے ہوئے ہوائی فائر کئے گئے تھے۔

تاہم مظاہرین کی جانب سے پیش قدمی جاری رہی جس پر اسرائیلی فورسز نے ان پر سیدھی گولیاں چلائی جس کی زد میں آکر ایک فلسطینی شخص جاں بحق ہوگیا۔

ادھر امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والا ایک فلسطینی شخص شدید زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مختلف واقعات میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے دو کو حبرون میں گولیوں اور ایک کو بیت ال میں یہودی بستی کے قریب چاقو سے نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فورسز نے مزید 2 فلسطینی قتل کردیئے

خیال رہے کہ 5 ہفتے قبل اسرائیلی حکومت کی جانب سے بیت المقدس مسجد اقصیٰ میں فلسطینی مسلمانوں کے داخلے پابندی کے بعد سے فلسطینی شہریوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں سے جاری اس کشیدگی میں اب تک اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 71 نہتے فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران 11 اسرائیلیوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ سال 2014 میں غزہ پر اسرائیلی فورسز نے خوف ناک فضائی کارروائی کی تھی، جس میں ہزاروں نہتے فلسطینی ہلاک ہوگئے تھے، جس میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024