بلدیاتی الیکشن: سانگھڑ اور حافظ آباد حساس قرار
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ضلع سانگھڑ اور حافظ آباد کو انتہائی حساس قرار دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں ہونے والے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرز نے بتایا کہ دونوں اضلاع میں کشیدگی سے بچنے کے لیے ’غیر معمولی سیکیورٹی تعینات‘ کرنا ہوگی۔
ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران سندھ کے علاقے خیر پور میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 11 افراد کا تعلق ضلع سانگھڑ سے تھا۔
اُدھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے ریٹرننگ افسر (آر او) کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور مبینہ طور پر آر او کو زد وکوب کرنے پر حافظ آباد میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن کے اجلاس میں شامل ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ صوبائی الیکشن کمشنرز سیکیورٹی صورت حال کے حوالے سے مستقل رپورٹس فراہم کررہے ہیں تاکہ فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جاسکیں۔
اجلاس کے دوران کمیشن نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور آئندہ ان پر قابو پانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران درجنوں حلقوں میں بیلٹ پیپر کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل کا ذمہ دار ریٹرننگ افسران کو قرار دیا گیا۔
اجلاس کے دوران یہ بات بھی مشاہدے میں آئی کہ مختلف حکومتی اداروں سے آر اوز مقرر کیے جانے والے افسران نے انتخابات کے قوانین، اپنی ذمہ داریوں اور اختیارات سے تجاوز کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بھرپور طریقے سے معلومات رکھنے والے آر اوز نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جبکہ کمزور آر اوز ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو یقینی بنانے میں ناکام رہے۔
اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ متعدد عدالتی فیصلے بھی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مشکلات کا باعث بنے۔