ہربھجن سنگھ کی شادی پر صحافیوں سے بدتمیزی، 4 گارڈز گرفتار
ہندوستانی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور بولی وڈ اداکارہ گیتا بسرا کی شادی کے دوران چار گارڈز کو صحافیوں کی تذلیل کرنے پر پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور بولی وڈ اداکارہ گیتا بسرا کی شادی کے دوران ہربھجن سنگھ کے گارڈز نے وہاں موجود شادی کو کوریج کرنے والے صحافیوں سے بدتمیزی کرتے ہوئے ان کے کیمرے توڑ دیے۔
اس واقعہ کے بعد میڈیا کے نمائندے ہربھجن سنگھ کے گھر کے باہر دھرنا دے کر بیٹھ گئے اور چاروں گارڈ کو فوری پولیس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق اس نے چاروں گاڑدز کلدیپ، گرمیت، نوجوت، اور بون کو گرفتار کرلیا ہے۔
خبر کے مطابق ایک گارڈ کا کہنا تھا کہ انہیں کرکٹر کی جانب سے سخت ہدایات تھی کہ کسی صحافی کو بھی اندر نہ آنے دیا جائے جس کی وجہ شادی میں اہم شخصیات کی شرکت تھی۔
ہربھجن سنگھ نے شادی کی تقریب کے بعد ذاتی طور پر میڈیا نمائندوں سے معافی بھی مانگی۔
یاد رہے کہ کرکٹر ہربھجن بولی وڈ اداکارہ گیتا بسرا کے ساتھ جمعرات کے روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔
اس موقع پر ہندوستانی کرکٹر سچن ٹنڈلکر اپنی اہلیہ انجلی کے ہمراہ موجود تھے۔
شادی کی تقریبات 5 دن پر مشتمل تھیں جس میں سنگیت (27 اکتوبر)، مہندی (28 اکتوبر)، شادی (29 اکتوبر) اور یکم نومبر کو دہلی میں دیا جانے والا ریسیپشن بھی شامل ہے.
ہربجھن سنگھ کی 1 نومبر کو نئی دہلی میں دی جانے والی تقریب میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا کی شرکت متوقع ہے۔