ہندوستان میں ہونے والا کبڈی ورلڈ کپ منسوخ
چندی گڑھ: ہندوستان میں سکھ برادری سے جاری نارواں سلوک اور ان کے مقدس اوراق کی توہین پر رواں سال ہونے والا کبڈی ورلڈ کپ منسوخ کردیا گیا۔
ہندوستان میں رواں سال 14 سے 28 نومبر تک پنجاب میں کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد ہونا تھا تاہم ڈپٹی وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے ورلڈ کپ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق سکھبیر سنگھ نے کہا کہ سری گرو گرانتھ صاحب جی کی توہین کے حالیہ واقعات پر احتجاجاً ایونٹ کا چھٹا ایڈیشن منسوخ کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کبڈی سکھوں کے جذبات اور دیہی کھیلوں میں ان کی برتری کی ترجمانی کرتا ہے۔ پوری سکھ برادری سری گرو گرانتھ صاحب کی توہین پر انتہائی رنجیدہ اور افسردہ اور اسی لیے اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد مناسب نہیں۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان میں جاری حالیہ کشیدگی اور سکھ برادری کے احتجاج کے سبب چار غیر ملکی ٹیموں نے بھی ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے ہندوستان جانے سے منع کردیا ہے.
سکھبیر سنگھ نے مزید کہا کہ میرے احساسات مجھے ایک ایسے موقع پر ٹورنامنٹ کی صدارت کی اجازت نہیں دیتے جبکہ ناصرف انڈیا بلکہ پوری دنیا میں سکھ برادری اس توہین پر انتہائی دکھی اور افسردہ ہے۔
یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب برگاری گاوں کے ایک گردوارے کے قریب سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرنتھ صاحب کے 100 مسخ شدہ صفحے ملے۔
اطلاعات کے مطابق مقدس کتاب کو گروارے سے جون میں چوری کیا گیا تھا۔
اس دوران ہندوستانی پنجاب میں سکھوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں