• KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:05pm
  • LHR: Maghrib 6:21pm Isha 7:44pm
  • ISB: Maghrib 6:28pm Isha 7:52pm
  • KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:05pm
  • LHR: Maghrib 6:21pm Isha 7:44pm
  • ISB: Maghrib 6:28pm Isha 7:52pm

2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری: روس کا پاکستان سے معاہدہ

شائع October 16, 2015
معاہدے کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم نواز شریف بھی شریک تھے ۔۔۔ فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی
معاہدے کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم نواز شریف بھی شریک تھے ۔۔۔ فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان ایل این جی پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت کراچی تا لاہور 1100 کلو میٹر طویل پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔

وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں روس کے ساتھ بین الحکومتی معاہدے کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم نواز شریف بھی شریک ہوئے۔

دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نوویک نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق روس کی سرکاری کمپنی آر ٹی گلوبل ریسورسز 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے کراچی تا لاہور 1100 کلو میٹر طویل پائپ لائن تعمیر کرے گی۔

اس طویل پائپ لائن کی تعمیر سے پنجاب کے نئے پاور پلانٹس کو ایل این جی گیس سپلائی ہوگی جبکہ پائپ لائن سے سالانہ 12 اعشاریہ 4 ارب کیوبک میٹر گیس سسٹم میں شامل ہوگی۔

اسی منصوبے کے تحت وزارت پیٹرولیم کی ماتحت کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم اور روسی کمپنی آر ڈی گلوبل کے درمیان پروٹوکول پر بھی دستخط ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک کے پہلے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح

سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی بحران پر قابو پانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس منصوبے پر تعمیراتی کام دسمبر 2017 تک مکمل ہوجائے گا۔

روسی وزیر الیگزینڈر نوویک کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے کمپنی کو تمام ممکنہ تکنیکی مدد اور ماہرین مہیا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بجلی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوٹلی، آزاد کشمیر بھی وزیر اعظم نواز شریف نے دریائے پونچھ پر لگائے جانے والے 102 میگاواٹ کے گل پور پن بجلی منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا تھا۔

حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے شیخوپورہ میں بھی 1180 میگاواٹ کے بھکی توانائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا جس کی لاگت کا تخمینہ 55 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ملک میں توانائی کی کمی پوری کرنے کے لئے حکومت نے بھاشا اور داسو منصوبے سمیت کئی دیگر چھوٹے اور بڑے منصوبوں کا آغاز کر رکھا ہے اور اس کا دعویٰ کے 2018 تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025