پاکستان میں 67 ہزار این جی اوز کام کر رہی ہیں
اسلام آباد: حکومت نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان میں 67 ہزار 7 سو 36 غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) فعال ہیں۔
67736 تنظیموں میں قومی اور بین الاقوامی این جی اوز شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ملکی اور بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے درخواست کی سماعت کی۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں 1427 ملک اور غیر ملک این جی اوز کام کر رہی ہیں۔
صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق چاروں صوبوں میں 66 ہزار 609 این جی اوز فعال ہیں جن میں سے 47 ہزار 403 پنجاب میں، خیبر پختونخوا میں 10 ہزار، سندھ میں 6ہزار 150 جبکہ بلوچستان میں 2 ہزار 756این جی اوز کام کر رہی ہیں۔
جنرل ساجد الیاس بھٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت داخلہ این جی اوز کو ریگولرائز کرنے کے لیے نئی پالیسی متعارف کروا چکی ہے۔
امداد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ این جی اوز 20 ہزار روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کیلئے بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی پابند ہوں گی۔
وزارت قانون و انصاف کے سیکریٹری سرور خان نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ متعلقہ محکمے ملک اور غیر ملکی این جی اوز کے حوالے سے تفصیلات جمع کر ہی ہیں، یہ کام ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے وزارت قانون و انصاف کے سیکریٹری سرور خان کو ہدایت جاری کی کہ این جی اوز کے حوالے سے مکمل تفصیلات کی رپورٹ 2 ماہ میں عدالت میں جمع کروائی جائیں۔
تبصرے (3) بند ہیں