نندی پور پلانٹ کے ڈائریکٹر کا تبادلہ
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے نندی پور پاور پلانٹ کو 3 سے 4 ہفتوں میں آپریشنل کرنے میں ناکامی پر پلانٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کیپٹن (ر) محمد محمود کا تبادلہ کردیا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں نواز شریف نے محمد محمود سے سوال کیا کہ کیا وہ نندی پور پلانٹ کو تین سے چار ہفتوں میں مکمل طور پر آپریشنل کرسکتے ہیں۔
کیپٹن (ر) محمد محمود نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ وہ پلانٹ کو اسی مدت میں آپریشنل کرنے کی پوری کوشش کریں گے تاہم وہ اس حوالے سے کوئی وعدہ نہیں کرسکتے۔
اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے حکام کی جانب سے کہا گیا کہ اگر وزارت کو براہ راست پلانٹ کا کنٹرول دیا جاتا ہے تو وہ اسے 3 سے 4 ہفتوں میں آپریشنل کردیں گے۔
وزارت پانی و بجلی کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ وہ پہلے ہی نندی پور منصوبے کو مکمل طور پر آپریشنل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاہم اس کے لیے افرادی قوت کی ضرورت ہے جو جنریشن کمپنیوں سے پوری کی جاسکتی ہے۔
اجلاس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے۔
یہ پڑھیں : نندی پور پلانٹ : ’لاگت میں اضافہ کیا جائے‘
محمد محمود کی جانب سے اجلاس کو پلانٹ کے اخراجات اور دیگر حوالوں سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی لیکن وہ منصوبے کے آپریشنل ہونے میں تاخیر کی کوئی ٹھوس وجہ پیش نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں وزیر اعظم نواز شریف نے نندی پور پاور پلانٹ کا افتتاح کیا تھا، جو فنی اور تکنیکی خرابیوں کے باعث چند روز بعد ہی بند ہوگیا۔
کیپٹن (ر) محمد محمود کا پلانٹ کے ایم ڈی کی حیثیت سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتخاب کیا تھا۔
پلانٹ کی پوری ذمہ داری وزارت پانی و بجلی کی تھی لیکن شہباز شریف نے پلانٹ کے تمام معاملات کی ذمہ داری خود لے لی جس کے بعد ان کے اور خواجہ آصف کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔
تبصرے (1) بند ہیں