بجلی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں جاری توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بدھ کو یہاں کابینہ کمیٹی برائے توانائی پر ایک اعلی سطح کے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے نواز شریف نے بجلی کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے بہتر بین الوزارتی روابط برقرار رکھنے اور متعلقہ قوانین کی پابندی کا حکم دیا۔
’تمام منصوبوں میں شفافیت اور متعلقہ قوانین اور ضوابط پر مکمل عمل درآمد کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے ‘۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو توانائی منصوبوں، بالخصوص پاک-چین اقتصادی راہداری کی چھتری تلے بننے والے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا: چین ایک اچھا دوست ہے جس نے بوقت ضرورت پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری بالخصوص پاکستان کو درپیش سب سے اہم توانائی بحران حل کرنے کیلئے بجلی کے منصوبے شروع کر کے اپنی دوستی ثابت کی۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتار کام کے ساتھ ساتھ بجلی کی موثر تقسیم کیلئے ٹرانسمیشن لائنوں پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس کے دوران وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل نے وزیر اعظم کو شعبہ توانائی کیلئے ایل این جی کی درآمد اور فراہمی پر بھی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے تونائی منصوبوں پر پیش رفت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کوالٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کرنے کا حکم دیا۔