'ایاز صادق کے ووٹوں میں کمی سے دھاندلی ثابت'
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور این اے-122 سے حکمران جماعت کے امیدوار ایاز صادق کے ووٹوں میں کمی سے پتہ چلتا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔
لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شعیب صدیقی کی جیت سے ثابت ہوگیا کہ 2013 الیکشن کے دوران دھاندلی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ووٹوں سے متعلق تحقیقات کیلیے سیل بنا دیا ہے، ثبوت لے کر 'فیئر' الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وزیراعظم کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوتی، انہوں نے ایک بار پر پھر شفاف الیکشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ دہرایا۔
انہوں نے کہ کہا 2013 میں پارٹی چیئرمین ساڑھے 8ہزار اور 2015 میں کارکن ڈھائی ہزار ووٹوں سے ہارا، اس سے پتہ چلتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہا پاکستان مسلم لیگ نواز کبھی ایمانداری سے الیکشن نہیں لڑی۔
'ضمنی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی'
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ضمنی انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں ووٹر کی مرضی کے بغیر الیکشن کمیشن بھی تبدیلی نہیں کرسکتا۔
میڈیا سے بات چیت میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ہار کو کھلے دل سے تسلیم کرنا بڑا پن ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے نادرا کے حوالے سے روایتی تنقید کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی قیادت کا مقصد دنگا فساد اور گالم گلوچ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں فوج کی تعیناتی اور کیمرے نصب کرنے کا مطالبہ بھی تسلیم کیا، امید ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت پہلے تولے گی اور پھر بولے گی ۔
تبصرے (3) بند ہیں